لوک سبھا انتخابات منسوخ کرنے کی درخواست پر سماعت سے سپریم کورٹ کا انکار
نئی دہلی، 5 جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ نے اختتام پذیر لوک سبھا انتخابات کو منسوخ کرنے کی پٹیشن کو مسترد کر دیا ہے۔اس درخواست کو وکیل منوہر لال شرما نے دائر کیا تھا، جس میں ای وی ایم کی اعتمادیت پر سوال اٹھاتے ہوئے اختتام پذیر لوک سبھا انتخابات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران جسٹس روہٹن نریمن نے وکیل ایم ایل شرما سے کہا کہ آپ کیا چاہتے ہیں شرما جی؟ ہم پورے لوک سبھا انتخابات کو منسوخ کر دیں؟ سپریم کورٹ نے سخت تبصرہ کرتے ہوئے عرضی پر سماعت سے انکار کر دیا۔وکیل ایم ایل شرما کی درخواست میں ای وی ایم کی قابلیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو یہ اختیار ہی نہیں ہے کہ وہ ای وی ایم کے ذریعہ انتخابات کرائے۔شرما کی دلیل ہے کہ عوامی نمائندگی قانون کے مطابق بھی کمیشن صرف بیلیٹ پیپر کے ذریعے ہی الیکشن کرا سکتا ہے۔سینئر وکیل ایم ایل شرما نے سپریم کورٹ سے ای وی ایم سے انتخابات پر روک لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ای وی ایم کی اعتمادیت کو لے کر ہمیشہ سے سوال کھڑے ہوتے رہے ہیں۔ایسے میں پھر سے بیلیٹ پیپر سے الیکشن کے عمل کی طرف لوٹنا ضروری ہے۔