کے سی ویالی پراجکٹ کے تحت کولار اور چکبالاپور کو پانی مہیا کرانے کے لئے منظوری
بنگلورو،6؍اپریل(ایس او نیوز) شہر کے مختلف تالابوں کے پانی کے ساتھ شہر سے بہنے والے آلودہ پانی کو صاف کرکے اسے کولار اور چکبالاپور کے تالابوں میں بہانے اور ان اضلاع کے زیر زمین پانی کی سطح کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کی طرف سے 1300 کروڑ روپیوں کی لاگت سے شروع کئے گئے کورمنگلا چلگٹہ ( کے سی ویالی) پراجکٹ کو سپریم کورٹ نے آج ہری جھنڈی دکھادی۔ اس کے ساتھ ہی اس پراجکٹ کی مخالفت کرنے والے ماحولیات نوازوں کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔
کے سی ویالی پراجکٹ کی تعمیر پر مختلف عدالتوں سے رجوع ہوکر ماہرین ماحولیات نے جو اسٹے حاصل کیا تھا اسے سپریم کورٹ نے آج خارج کردیا اور کہاکہ خشک سالی سے بدحال علاقوں میں زیر زمین پانی کی سطح کو بلند کرنے کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے شروع کئے جانے والے پراجکٹ میں ماحولیات کو کسی طرح کا خطرہ نہیں ہے۔ کے سی ویالی کے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے سے شہر بنگلور کے آلودہ پانی کی صفائی اور اسے کولار اور چکبالاپور کی طرف بہانے اور یہاں پانی کی قلت کو دورکرنے کے لئے حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے پراجکٹ کو مکمل کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔اس سے پہلے ہائی کورٹ نے ماہرین ماحولیات کی طرف سے مخالفت کے پیش نظر اس پراجکٹ پر روک لگادی تھی۔
ریاستی ہائی کورٹ کے اسٹے کا چیلنج کرتے ہوئے جب مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ سے رجوع کیا گیا تو وہاں بھی اس روک کو برقرار رکھا گیا۔ اس کے بعد بنگلور واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کو نوٹس جاری کرکے جب کارروائی آگے بڑھائی گئی تو سپریم کورٹ تک یہ معاملہ پہنچ گیا ۔عدالت عظمیٰ نے بی ڈبلیو ایس ایس بی کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس پراجکٹ کے متلعق تمام تفصیلات سپریم کورٹ کوپیش کرے۔