آئی پی ایل: یکطرفہ مقابلے کو جڈیجہ-دھونی نے بنایا دلچسپ، پھر بھی حیدرآباد 7 رنوں سے فتحیاب

Source: S.O. News Service | Published on 3rd October 2020, 2:58 PM | اسپورٹس |

دبئی،3؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) آئی پی ایل 2020 کے چودہویں مقابلے میں آج ایک بار پھر لوگوں کو دلچسپ میچ دیکھنے کو ملا۔ حیدر آباد کے ذریعہ دیے گئے 165 رن کے ہدف کو دیکھتے ہوئے چنئی کے شیدائی سوچ رہے ہوں گے کہ بہ آسانی جیت مل جائے گی، لیکن حیدر آباد کی کسی ہوئی گیندبازی کے سامنے چنئی آخر تک مشکل میں نظر آئی۔ 14 اوور تک تو مقابلہ یکطرفہ ہی نظر آ رہا تھا، لیکن پھر دھونی اور جڈیجہ نے رنوں کی رفتار اچانک تیز کر دی جس سے مقابلہ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہو گیا۔ پھر بھی حیدر آباد نے آخر آخر تک جدوجہد کی اور 7 رنوں سے جیت حاصل کر لی۔

سنرائزرس حیدر آباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن پہلے ہی اوور میں جانی بیرسٹو دیپک چہر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد ایک طرف ڈیوڈ وارنر نے سنبھل کر کھیلنا مناسب سمجھا اور دوسری طرف منیش پانڈے تیز بلے بازی کرنے کی کوشش کی۔ حالانکہ چنئی کے گیندبازوں نے انھیں کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ رن کی رفتار بڑھانے کی کوشش میں منیش پانڈے 8ویں اوور کی پہلی گیند پر سیم کرن کو کیچ تھما بیٹھے۔ منیش پانڈے نے 21 گیندوں پر 29 رن بنائے۔ اس کے بعد کپتان وارنر بھی جلد ہی 29 گیندوں پر 28 رن بنا کر پیوش چاؤلہ کی گیند پر فاف ڈوپلیسی کو کیچ دے بیٹھے۔ حیدر آباد کے لیے مسئلہ تب پیدا ہو گیا جب نویں اوور کی آخری گیند پر کین ولیمسن 9 رن بنا کر رَن آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 11 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر 69 رن تھا۔

ایسے وقت میں حیدر آباد کو ایک اچھی شراکت داری کی ضرورت تھی اور رن کی رفتار بڑھانے کی بھی۔ خوش قسمتی سے ابھشیک شرما اور پریم گرگ نے اس ضرورت کو سمجھا اور حیدرآباد کو ایک باعزت اسکور تک پہنچایا۔ دونوں کے درمیان نصف سنچری کی شراکت داری ہوئی اور جب ابھشیک شرما 24 گیندوں پر 31 رن بنا کر آؤٹ ہوئے اس وقت حیدر آباد کا اسکور 18 اوور میں 146 رن تھا۔ اس وقت پریم گرگ تیزی کے ساتھ بلے بازی کر رہے تھے اور ابھشیک کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی وہ نہیں رکے۔ انھوں نے 26 گیندوں میں 51 رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی جس میں 1 چھکا اور 6 چوکے شامل ہیں۔ آخر میں عبدالصمد نے بھی 6 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 8 رن رن بنائے۔ اس طرح سے 20 اوور میں حیدر آباد نے 164 رن بنا لیے۔

چنئی سپر کنگز کی طرف سے سبھی نے ٹھیک ٹھاک گیندبازی کی، صرف سیم کرن 3 اوور میں 37 رن پٹا گئے اور انھیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔ دیپک چاہر نے 4 اوور میں 31 رن دے کر 2 وکٹ، شردل ٹھاکر نے 4 اوور میں 32 رن دے کر 1 وکٹ اور ڈوین براوو نے 4 اوور میں 28 رن دے کر کوئی وکٹ نہیں لیا۔ پیوش چاؤلہ نے بھی 3 اوور میں 18 رن دے کر 1 وکٹ لیا، جب کہ رویندر جڈیجہ نے 2 اوور میں 16 رن دیے اور انھیں کوئی کامیابی نہیں ملی۔

جیت کے لیے ملے 165 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے جب چنئی کی ٹیم میدان پر اتری تو ایسا لگ رہا تھا کہ یہ بہت مشکل نہیں ہے، لیکن حیدر آباد کے تیز گیندبازوں نے لاجواب گیندبازی کی۔ پہلے اوور میں بھونیشور نے صرف ایک رن دیا اور پھر خلیل احمد نے اپنے پہلے اوور میں محض 3 رن دیے۔ اس کا دباؤ چنئی کے سلامی بلے باز شین واٹسن پر نظر آیا اور وہ تیسرے اوور کی تیسری گیند پر محض ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ وکٹ بھونیشور کمار نے لیا۔ پھر تو رنوں کی رفتار بڑھانے سے زیادہ وکٹ سنبھالنے پر بلے بازوں نے دھیان دیا، لیکن اس کے باوجود چھٹے اوور کی پہلی گیند پر امباتی رائیڈو 8 رن بنا کر نٹراجن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ چنئی کی بدقسمتی رہی کہ اسی اوور میں اچھی بلے بازی کر رہے فاف ڈوپلیسی (19 گیندوں پر 22 رن) رن آؤٹ ہو گئے۔ پھر عبدالصمد نے جلد ہی کیدار جادھو (10 گیندوں پر 3 رن) کو بھی جلد ہی پویلین بھیج دیا۔

یہاں پر چنئی کی حالت حیدر آباد سے بھی خراب نظر آ رہی تھی، لیکن ابھشیک اور پریم گرگ کی طرح دھونی اور جڈیجہ نے پاری کو سنوارنا شروع کیا۔ دونوں نے بہت احتیاط کے ساتھ بلے بازی کی اور جب جم گئے تو رویندر جڈیجہ نے جارحانہ رخ اختیار کیا۔ ایک وقت چنئی کو جیت کے لیے 36 گیندوں پر 94 رنوں کی ضرورت تھی، لیکن جڈیجہ کی طوفانی بلے بازی سے رَن ریٹ کچھ کم ہوا۔ لیکن 35 گیندوں پر 50 رن بنانے کے بعد جڈیجہ نٹراجن کو اپنا وکٹ دے بیٹھے۔ وہ اٹھارہویں اوور کی چوتھی گیند پر باؤنڈری لائن پر عبدالصمد کے ہاتھوں کیچ کیے گئے۔ اس کے بعد دھونی نے تن تنہا میچ کو جتانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ رن زیادہ بنانے تھے اور دھونی کافی تھکے ہوئے معلوم پڑ رہے تھے۔ پھر بھی انھوں نے کچھ اچھے شاٹ لگائے۔ آخری اوور میں جیت کے لیے 28 رن درکار تھے لیکن دھونی-سیم کرن مل کر 20 رن ہی بنا سکے۔ 20 اوور میں چنئی کی ٹیم 157 رن بنا سکی اور 7 رنوں سے حیدر آباد فتح یاب ہو گئی۔

حیدر آباد کی فتح میں اس کے گیندبازوں کا بڑا ہاتھ رہا۔ ایک بار پھر اسپن گیندباز راشد خان نے بہترین گیندبازی کی اور 4 اوور میں محض 12 رن خرچ کیے، حالانکہ انھیں کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔بھونیشور کمار نے 3.1 اوور میں 31 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا اور چوٹ کی وجہ سے وہ اپنا اوور مکمل نہیں کر سکے۔ خلیل احمد نے 3.5 اوور میں 34 رن دیے اور انھیں بھی کوئی وکٹ نہیں ملا۔ نٹراجن کو سب سے زیادہ دو وکٹ ملے، لیکن انھوں نے 4 اوور میں 43 رن خرچ کر دیے۔ عبدالصمد نے اپنے 4 اوور میں 41 رن دیے اور ایک وکٹ حاصل کیا۔ قابل ذکر ہے کہ بیسواں اوور عبدالصمد نے ہی کیا تھا اور اس میں انھوں نے 20 رن خرچ کیے۔ ابھشیک شرما کو صرف ایک اوور کرنے کا موقع ملا اور انھوں نے محض 4 رن دیے۔

ایک نظر اس پر بھی

حیدرآباد نے آئی پی ایل کا سب سے بڑا اسکور بنایا ، ممبئی کو 31 رنز سے دی بری طرح شکست

آئی پی ایل 2024 کے 8ویں میچ میں سن رائزرز حیدرآباد نے ممبئی انڈینز کو 31 رنز سے شکست دے دی۔ میچ میں حیدرآباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 277 رنز بنائے۔ جواب میں ممبئی کی ٹیم 20 اوورز میں 246/5 ​​رنز ہی بنا سکی۔ تلک ورما نے ممبئی کے لیے کافی دیر کوشش کی اور 64 رنز کی ...

آئی پی ایل 2024: دفاعی چمپئن چنئی نے جیت کے ساتھ کیا آغاز، بنگلورو کو 6 وکٹ سے ملی شکست

آج آئی پی ایل 2024 کا پہلا میچ دفاعی چمپئن چنئی سپرکنگز (سی ایس کے) اور رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) کے درمیان کھیلا گیا جس میں چنئی کو 6 وکٹ سے جیت ہاتھ لگی ہے۔ بنگلورو نے چنئی کے سامنے جیت کے لیے 174 رنوں کا ہدف رکھا تھا جسے اس نے 18.4 اوورس میں محض 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس ...

ہندوستان نے پانچویں ٹیسٹ میں انگلینڈ کو اننگ اور 64 رن سے شکست ، سیریز پر 4-1 سے قبضہ

دھرم شالہ میں کھیلے جا رہے پانچویں ٹیسٹ میچ میں ہندوستان نے انگلینڈ کو اننگز اور 64 رنز سےشکست دی  ہے۔ اس طرح ہندوستان نے سیریز 4-1 سے جیت لی۔ ہندوستانی ٹیم نے میچ کے تیسرے دن انگلینڈ کو بڑی شکست دی۔ انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی بری طرح لڑکھڑا گئی۔ صرف جو روٹ ہی بلے سے کچھ ...

ہندوستان نے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 106 رنوں سے دی شکست، سیریز 1-1 سے برابر

) ہندوستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ سے ملی شکست کا بدلہ آج وشاکھاٹنم میں لے کر سیریز کو 1-1 سے برابر کر دیا ہے۔ 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ ہندوستان نے 106 رنوں سے جیت لیا ہے۔ اس جیت کے ہیرو پلیئر آف دی میچ جسپریت بمراہ رہے جنھوں نے دونوں اننگ میں مجموعی طور پر 9 ...

کیپ ٹاؤن میں ہندوستان کی جنوبی افریقہ پر تاریخی فتح، میچ دوسرے ہی دن ختم، ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر

ہندوستانی مینس کرکٹ ٹیم نے 2024 کا آغاز ایک شاندار اور ریکارڈ ساز جیت کے ساتھ کیا ہے۔ کیپ ٹاؤن کے نیولینڈس میں 3 جنوری سے شروع ہوا ٹیسٹ میچ 4 جنوری یعنی دوسرے دن ہی ختم ہو گیا۔ ہندوستان کو جیت کے لیے دوسری اننگ میں 79 رنوں کا ہدف ملا تھا جسے روہت بریگیڈ نے محض 3 وکٹ کے نقصان پر حاصل ...

جنوبی آفریقہ نے پہلے ٹیسٹ میں انڈیا کو دی ایک اننگ اور 32 رنوں سے شکست

جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ہندوستانی ٹیم ایک اننگ اور 32 رنوں سے ہار گئی ہے۔ اس شرمناک شکست کا ذمہ دار ہندوستانی بلے باز اور گیندبازوں دونوں رہے، کیونکہ پہلی اننگ میں کسی طرح 245 رن کا اسکور بنانے کے بعد ہندوستانی ٹیم دوسری اننگ میں محض 131 رنوں پر ...