بی جے پی کی کامیابی کے لئے کانگریسیوں کی کوتاہی ذمہ دار: دیش پانڈے
بنگلورو،30/مئی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے مالگزاری آر وی دیش پانڈے نے اعتراف کیا ہے کہ ریاست میں بی جے پی اگر لوک سبھا کی 25 سیٹوں پر کامیاب ہوئی ہے تو اس کے لئے کانگریس لیڈروں کی ناکامی ذمہ دار ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر موصوف نے سینئر کانگریس رہنما روشن بیگ کے خیالات سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے ڈی ایس کانگریس اتحاد کی کامیابی کے لئے دونوں پارٹیاں ذمہ دار نہیں ہیں بلکہ کئی مقامات پر کانگریس نے متوقع طریقے سے کام نہیں کیا ہے۔ بعض لیڈروں کے ناکارہ پن کی وجہ سے پارٹی کارکنوں میں بدظنی پیدا ہوگئی ہے۔ ریاست میں عہدہئ وزیر اعلیٰ کی دعویداری کے لئے ان کا نام لئے جانے کے متعلق آر وی دیش پانڈے نے کہاکہ فی الوقت ریاست میں وزیراعلیٰ کا عہدہ خالی نہیں ہے جب خالی ہوگا دیکھا جائے گا۔ ریاستی کابینہ کی توسیع اور ردوبدل کے مرحلے میں انہیں وزارت سے برطرف کرنے کی صورت میں وہ کیا کریں گے، اس کے جواب میں دیش پانڈے نے کہاکہ اگر ایسا موقع آئے کہ پارٹی قیادت انہیں وزارت سے برطرف کرنا چاہئے تو وہ مزاحمت نہیں کریں گے بلکہ وزارت چھوڑ کر آرام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی کابینہ میں توسیع ہو یا ردوبدل یہ فیصلہ پارٹی اعلیٰ کمان کرے گا۔اس پر مقامی سطح پر بحث فضول ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست کی مخلوط حکومت مستحکم ہے، اسے کسی بھی طرح کا خطرہ لاحق نہیں ہے۔ چند معاملوں میں چھوٹے موٹے اختلافات ضرور ہیں جن کو آپس میں نپٹالیا جائے گا۔