سبرامنیا،پتوراور دیگر علاقوں میں زبردست بارش اور ژالہ باری
منگلورو6؍اپریل (ایس او نیوز) جمعہ کے دن شام کے وقت سبرامنیا، کڈبا، سولیا ، پتوراوراطراف کے علاقوں میں بادلوں کی گھن گرج اور بجلیوں کی کڑک کے ساتھ زبردست بارش ہوئی ہے۔کچھ مقامات پر ژالہ باری( اولے برسنے) کی بات بھی معلوم ہوئی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق پتور اور سولیا کے اطراف میں تقریباً نصف گھنٹے تک زوردار برسات ہوئی جبکہ دیگر کچھ مقامات پر برسات کا سلسلہ دو گھنٹے تک چلتا رہا۔سبرامنیا سے ملی رپورٹ کے مطابق یہاں پربرسات کے ساتھ طوفانی ہوائیں چلنے سے سپاری، ناریل اور ربڑ کے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ بہت سے علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
سبرامنیا کے علاقے میں سڑک کی توسیع کا کام چل رہا ہے اور اس کے لئے کھودے گئے گڈھوں میں برسات کاپانی جمع ہونے سے موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت میں بڑی رکاوٹ پید اہوگئی۔آدی سبرامنیا کے علاقے میں ڈرینیج نظام ناقص ہونے کی وجہ سے برسات کا پانی کچھ گھروں اور دکانوں میں بھی گھس گیا۔ کاسرگوڈ ضلع کے بعض مقامات پر بارش برسنے کی خبر ہے۔
شیموگہ ڈسٹرکٹ کے شکاری پور، سورب، ساگر، ہوسانگر، رپن پیٹ وغیرہ کے علاوہ دھارواڑ، بیلگاوی اور کلبرگی اضلاع میں بھی تھوڑی تھوڑی برسات ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔