منگلورو میں لاک ڈاؤن سے پریشان طالب علم نے اپنے دوست کو سوٹ کیس میں بند کرکے روم میں لانے کی کی کوشش
منگلورو،12/اپریل (ایس او نیوز) لاک ڈاؤن اور تنہائی سے پریشان ایک طالب علم نے بڑی شاطرانہ چال چلی اور اپنے ایک دوست کو سوٹ کیس میں بند کرکے روم میں لانے کی کوشش کی مگر اس کی چال ناکام ہوگئی۔
منگلورو میں اس وقت لاک ڈاؤن کے قوانین سختی کے ساتھ لاگو کیے جارہے ہیں جس کے نتیجے میں لوگوں کے لئے ایک جگہ سے دوسری جگہ جانا مشکل ہوگیا ہے۔ ایسے میں یہاں کے آریہ سماج روڈ پر واقع ایک اپارٹمنٹ میں رہائش پزیرایک طالب علم نے اپنی تنہائی دور کرنے کا ایک انوکھا اور شاطرانہ طریقہ ڈھونڈ نکالا۔ چونکہ اس کے اپارٹمنٹ میں وہ تنہا مقیم تھااور دوسرے مکینوں کی طرف سے باہر سے دیگر غیر متعلقہ لوگوں کے اس اپارٹمنٹ میں آنے جانے پر پابندی لگائی گئی تھی اس لئے اس نے اپنے دوست کو ایک بڑے سوٹ کیس میں بند کرکے لانے کی تدبیر بنائی۔ اس کی یہ چال تقریباً کامیاب ہوگئی تھی، مگر اپارٹمنٹ میں داخل ہونے کے عین موقع پر لوگوں نے دیکھا کہ سوٹ کیس میں کچھ ہلچل ہورہی ہے۔ تجسس کی وجہ سے لوگوں نے وہ سوٹ کیس کھولا تو اس میں سے ایک زندہ نوجوان کو باہر نکلتے دیکھ کر ان کے ہوش اڑ گئے۔دونوں طالب علموں کومزیدتفتیش کے لئے کدری پولیس اسٹیشن لے جایا گیا ہے