کنڈلور میں آوارہ کتوں کا حملہ۔ ایک خاتون اور 2بچے شدید زخمی
کنداپور20/جون (ایس او نیوز) کنداپور تعلقہ کے کنڈلور میں واقع پُل کے قریب کھیل رہے بچوں پر پانچ آوارہ کتوں نے بیک وقت حملہ کردیا۔ جب ایک خاتون نے ان بچوں کو کتوں سے بچانے کی کوشش کی تو کتوں نے پلٹ کر اسے بھی نوچ ڈالا۔ اس حملے میں تینوں شدید زخمی ہوگئے ہیں جنہیں علاج کے لئے کنداپور کے چینمئی اسپتال میں داخل کیاگیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق زخمی بچوں کے نام ادیوتھ اور آئیجا ہیں جن کی عمر چار سال ہے جبکہ ان بچوں کو تحفظ دینے کی کوشش میں زخمی ہونے والی خاتون کا نام کنکا پجاری (45سال) ہے۔بتایا جاتا ہے کہ کتوں کے جارحانہ حملے کو دیکھ کر مقامی افراد مدد کے لئے دوڑ پڑے اور انہوں نے کتوں کو پتھر اور لاٹھیوں سے مار کر دوربھگادیا، ورنہ یہ کتے بچوں کو بری طرح چیر پھاڑ کر رکھ دیتے۔بچوں پر کتوں کے اس حملے سے پورے کنڈلور دیہات میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔ تعلقہ پنچایت رکن جیوتی پوتران کا کہنا ہے کہ پچھلے کچھ عرصے اس علاقے میں 15-20آوارہ کتوں کی ٹولی سرگرم ہے اور شام ہوتے ہی یہ بہت زیادہ وحشی ہو جاتے ہیں۔جیوتی نے متعلقہ محکمہ جاتی افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طورپر آوارہ کتوں سے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔