بھٹکل:8؍اگست(ایس اؤ نیوز) ریاستی ایکسائز وجلنس دستہ (اسٹیٹ ایکسائز انٹلی جینس بیورو) کے افسران نے مصدقہ خبر پر کارروائی کرتے ہوئے جمعرات کی شام شہر کے ساگر روڈ پر واقع ایک ہوٹل پر چھاپہ مارتے ہوئے غیر قانونی طورپر بیچنے کے لئے جمع رکھی گئی ہزاروں روپئے مالیت کی شراب ضبط کرلی۔
ضبط شدہ شراب میں قریب 48لیٹر وھسکی، برانڈی سمیت 69لیٹر بئیر(9باکس)شامل ہیں۔ جس کی مالیت قریب 35ہزار روپئے لگائی گئی ہے۔ آفسران نے بتایا کہ چھاپہ ماری کے دوران ملزمان فرار ہوگئے، یہ پوچھے جانے پر کہ اب فرار شدہ لوگوں کی گرفتاری کے لئے کس طرح کے اقدمات کئے جائیں گے، آفسران نے بتایا کہ آگے کی کاروائی بھٹکل ایکسائز کے افسران کریں گے۔ چھاپہ ماری کی آج کی کاروائی ریاستی ایکسائز وجلنس دستہ کے سب انسپکٹر پی پرکاش نے انجام دی، جن کے ساتھ ایکسائز کے دیگر افسران راجیو بابو، شیو پرکاش اور ڈرائیور ششانک موجود تھے
ایکسائز دفتر میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سب انسپکٹر پرکاش نے بتایا کہ ساگر روڈ پر واقع ہوٹل میں غیر قانونی طورپر شراب کی ذخیرہ اندوزی اور فروخت کاری کےمتعلق ہمیں جانکاری دی گئی تھی اسی پر کارروائی کرتےہوئے آج چھاپہ ماری کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم لوگ ہوٹل میں داخل ہونے تک ملزمان وہاں سے فرار ہوگئے تھے۔ اس سلسلےمیں مقامی ایکسائز افسران آگے کی جانچ اور کارروائی مکمل کریں گے۔