سری لنکا: سابق صدر گوٹابایا جلا وطنی سے واپس لوٹ آئے

Source: S.O. News Service | Published on 4th September 2022, 11:10 AM | عالمی خبریں |

کولمبو، 4؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سری لنکا کے سابق صدرگوٹابایا راجا پکسےتھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے جمعے کو تقریباً نصف شب کے قریب کولمبو کے بندرانائیکے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترے۔ ان کی سیاسی جماعت کے اراکین نے ہوائی اڈے پر ان کا خیرمقدم کیا۔ بعد میں انہیں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان کاروں کے ایک قافلے میں لے جایا گیا۔

سری لنکا کے عوام ملک میں غیر معمولی اقتصادی بحران کے لیے گوٹابایا راجاپکسے کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں۔ ان کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے جس کے بعد وہ 13جولائی کو ایک فوجی طیارے میں اپنی اہلیہ اور دو محافظوں کے ساتھ مالدیپ فرار ہو گئے تھے۔ وہ وہاں سے تھائی لینڈ جانے سے قبل سنگاپور گئے اور وہیں سے اپنا استعفیٰ بھیج دیا۔ تھائی لینڈ سے ہی انہوں نے اپنی وطن واپسی کے لیے اپنے جانشین رانل وکرما سنگھے سے مدد کی اپیل کی۔

گوکہ سری لنکا میں سابق صدر کے خلاف عدالت میں کوئی کیس زیر التوا نہیں ہے اور نہ ہی ان کے خلاف گرفتاری کا کوئی وارنٹ ہے تاہم ان پر انتظامی خامیوں اور بدعنوانی کے الزامات کی انکوائری کے متعدد مطالبات کیے گئے ہیں۔ اپنے عہدے سے استعفی دینے کی وجہ سے راجا پکسے کو حاصل صدارتی استثنیٰ ختم ہوچکا ہے۔

سری لنکا ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ترجمان تھارینڈو جیہ وردھنا کا کہنا تھا، ''ہم ان کی وطن واپسی کا خیرمقدم کرتے ہیں تاکہ انہوں نے جو جرائم کیے ہیں اس کے لیے انہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاسکے۔‘‘ اپوزیشن جماعتوں نے راجا پکسے کے جانشین صدر رانل وکرما سنگھے پر سابق صدر کے خاندان کو بچانے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

راجاپکسے کی جماعت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سابق صدر آنے والے دنوں میں سری لنکا میں شاید کوئی سیاسی کردار ادا نہیں کریں گے۔

سری لنکا گزشتہ کئی ماہ سے اقتصادی بحران سے دوچار ہے جس کی وجہ سے عوام میں سخت غصہ اور ناراضگی ہے۔ عوامی ناراضگی کے سبب ہی راجا پکسے اور ان کے بھائی سابق وزیر اعظم کواپنے عہدوں سے دست بردار ہونا پڑا۔

کورونا وائرس کی عالمی وبا نے بھی سری لنکا ميں، ملکی معیشت میں بنیادی اہمیت کی حامل، سیاحت کی صنعت کو تباہ کر دیا۔ ملک اس وقت کھانے پینے کی اشیا، ایندھن، کھانا پکانے کے تیل اور ادويات جیسی لازمی اشیاء کی قلت سے دوچار ہے۔ سری لنکا دیوالیہ ہو نے کے ساتھ ہی مزید کساد بازاری کی جانب بڑھ رہا ہے، وکرما سنگھےحکومت غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر کو لازمی اشیاء درآمد کرنے پر خرچ کر رہی ہے اورسڑکوں پر ہونے والے مظاہروں کو روکنے کے لیے لوگوں کی گرفتاریاں جاری ہیں جب کہ بعض مالی اصلاحات بھی متعارف کرائی گئی ہيں۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے سری لنکا کے ليے جمعرات کے روز 2.9 ارب ڈالر کے مشروط بیل آوٹ پیکج پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔

ایران کا اسرائیلی جہاز پر قبضہ، جہازپر سوار 17 ہندوستانیوں کی رِہائی کے لئےکوششیں تیز؛ کیا ایران اپنے قونصل خانے پر حملے کا بدلہ لے گا ؟

 اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی  اور  آبنائے ہرمز کے قریب  اسرائیل پر ایرانی حملے کے بڑھتے  خدشات کے درمیان ایرانی فوج  نے  ایک اسرائیلی کارگو  جہاز پر قبضہ کر لیا  جس میں 17 ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق  معاملہ سامنے آنے کے بعد  حکومت ہند ...