اعظم خان رامپور سے میدان میں، بیٹے کو بھی ٹکٹ۔اعظم خان رامپور شہر سیٹ سے 9 مرتبہ فتح حاصل کرچکے ہیں،فی الحال یہاںسے رُکن پارلیمنٹ ہیں،بیٹے عبداللہ اعظم سوار ٹانڈہ سے قسمت آزمائیں گے

Source: S.O. News Service | Published on 19th January 2022, 11:21 AM | ملکی خبریں |

لکھنؤ، 19؍ جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) سماج وادی پارٹی نے رامپور ضلع کی پانچوں اسمبلی سیٹوں سے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہےجس میں سب سے بڑا اور اہم نام پارٹی کے قد آور مسلم لیڈر اور موجودہ رکن پارلیمنٹ اعظم خان کا ہے۔ انہیں رامپور شہر کی ان کی روایتی سیٹ سے ٹکٹ دیا گیا ہے جہاں سے وہ اب تک ۹؍ مرتبہ فتح حاصل کرچکے ہیں ۔ وہ یہ الیکشن ممکنہ طور پر جیل میں رہتے ہوئے ہی لڑیں گے ۔ واضح رہے کہ اس وقت اعظم خان مختلف الزامات کے تحت جیل میں بند ہیں اور ممکنہ طور پر وہیں سے انتخاب لڑیں گے ۔ سماج وادی پارٹی  نے اس کے ساتھ ہی اعظم خان کے فرزند عبداللہ اعظم کو بھی ٹکٹ دیا ہے۔ انہیں سوار ٹانڈہ سے میدان میں اتارا جارہا ہے۔ رامپور ضلع میں دوسرے مرحلے میں ۱۴؍ فروری کو پولنگ ہو گی اور اس کے لئے  کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا سلسلہ ۲۱؍ جنوری سے شروع ہو جائے گا۔ اسی وجہ سے سماج وادی پارٹی نے اپنے امیدواروں کا فیصلہ کرتےہوئے بڑا دائو کھیل دیا ہے۔ اعظم خان کا رامپور ضلع میں جو دبدبہ ہے اس سے سبھی واقف ہیں۔ پارٹی نے انہیں ٹکٹ دے کر یہ بھی واضح کردیا ہے کہ وہ ان سے دوری اختیا رکرنے یا پھر ان  سے دامن چھڑانے کی کوشش نہیں کررہی ہے بلکہ وہ چاہتی ہے کہ اعظم خان پوری قوت کے ساتھ میدان میں آئیں اور اپنے اوپر لگے الزامات کو غلط ثابت کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کا اعتماد ووٹوں کی شکل میں بھی حاصل کریں۔

 سوار ٹانڈہ سے میدان میں اتر نے والے عبداللہ اعظم خان نے ۲۰۱۷ء کے اسمبلی الیکشن میں یہاں سے فتح حاصل کی تھی لیکن  عمر پوری نہ ہونے کی وجہ سے ہائی کورٹ نے ان کا انتخاب کالعدم قرار دے دیا تھا ۔ اس مرتبہ  وہ پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں۔  انہوں نے جیل سے رہائی کے بعد سماج وادی سربراہ اکھلیش یادو کے ساتھ پریس کانفرنس بھی کی اور جیل میں ان کے اور ان کے والد کے ساتھ کیا کیا ہوا اس بارے میں میڈیا کو بتایا۔

  دوسری طرف ضلع میں سیاسی اتھل پتھل کا ماحول نظر آرہا ہے۔ چمروہ اسمبلی حلقہ سے سابق ممبر اسمبلی علی یوسف علی کو کانگریس نے امیدوار بنایا تھا، لیکن دوسرے ہی دن انہوںنے لکھنؤ میں اکھلیش یادو کی موجودگی میں سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کرکے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچادی تھی۔ فی الحال  چمروہ اسمبلی  سیٹ سماج وادی پارٹی کے قبضہ میں ہے، جس پر اعظم خاں کے بے حد قریبی نصیر احمد خاں کا قبضہ ہے۔ ادھر سماج وادی پارٹی کے امیدواروں میں سے رام گوپال یادو نے بلاسپور اسمبلی حلقہ سے امرجیت سنگھ کو فارم جاری کردیا ہے    اس کے علاوہ  چمروہ سےنصیر احمد خاں اور ملک(ریزرو ) سیٹ سے وجے سنگھ کو ٹکٹ دیا گیا  ہے۔ اعظم خاں فی الحال جیل سے الیکشن لڑیں گے اور امکان ہے کہ ان کی انتخابی مہم بیٹے عبداللہ ہی سنبھالیں گے ۔

 بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ ریتا بہوگنا جوشی نے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں لکھنؤ کینٹ سیٹ سے اپنے بیٹے مینک جوشی کے لئے پارٹی سے ٹکٹ کا مطالبہ کیا ہے اور اس کے لئے وہ پارٹی لوک سبھا کی رکنیت کا عہدہ چھوڑنے کے لئے بھی  تیار ہیں۔ریتا بہوگناجوشی نے یہاں اتر پردیش کے الیکشن انچارج دھرمندر پردھان سے ملاقات کی اور ان کے بیٹے کو اسمبلی کے  لئے امیدوار بنانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا کو خط بھی لکھا ہے۔نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے جوشی نے کہا کہ بی جے پی نے ایک خاندان کے صرف ایک فرد کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جب مجھے پارٹی کے اس فیصلے کا علم ہوا تو میں نے اس بارے میں خط لکھا ہے۔ میں خود ۲۰۲۴ء کا الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کر چکی ہوں۔ اگر موجودہ رکن  پارلیمنٹ کے بیٹے کو ٹکٹ دینے میں کوئی مسئلہ ہے تو میں رکن اسمبلی کا عہدہ چھوڑنے کو تیار ہوں۔ میں نے پارٹی قیادت کے سامنے ایسی پیشکش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی انتخابی سیاست میں آنا چاہتا ہے اور طویل عرصے سے سماجی خدمت کر رہا ہے تو اسے ٹکٹ دینے میں کوئی حرج نہیں ہونا چاہئے۔مسز جوشی کے علاوہ ایم پی جگدمبیکا پال، مرکزی وزیر کوشل کشور، ایم پی ستیہ دیو پچوری اور نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے نام بھی بی جے پی کی فہرست میں شامل ہیں جو اپنے بیٹوں کیلئے ٹکٹ مانگ رہے ہیں۔ ان سب نے اسمبلی انتخابات کیلئے اپنے بیٹوں یا رشتہ داروں کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

48 مرتبہ گھر کا کھانا آیا، صرف 3مرتبہ آم بھیجا گیا، کیجریوال کی عرضی پر عدالت نے فیصلہ محفوظ رکھا

  شراب پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ میں جیل میں قید وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے جیل کے اندر انسولین دینے کے مطالبہ پر سپریم کورٹ کی جانب سے جمعہ کو سماعت کی گئی۔ عدالت نے کیجریوال کی عرضی پر فیصلہ پیر تک محفوظ رکھ لیا۔

پرچیوں پر نتن گڈکری کی تصویر، پولنگ بوتھ پر ہنگامہ، مہاراشٹر کی 5 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق54فیصد پولنگ، مسلم علاقوں میں جوش وخروش

ملک کے دیگر علاقوں کے ساتھ مہاراشٹر میں بھی لوک سبھا الیکشن کے پہلے مرحلے کی پولنگ ہوئی۔  اس دوران ریاست کی ۵؍ سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے ۔ ناگپور، گڈچرولی ۔ چمور، گوندیا ۔ بھنڈارہ اور چندر پور۔ یہ تمام سیٹیں ودربھ کے خطے میں واقع ہیں۔ اطلاع کے مطابق شام ۵؍ بجے تک ریاست میں ۵۴؍ فیصد ...

منیش سسودیا کی عدالتی تحویل میں 26 اپریل تک کی توسیع

دہلی کی ایک عدالت نے جمعرات کو شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ میں عآپ کے لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی عدالت تحویل میں 26 اپریل تک توسیع کر دی۔ سسودیا کو عدالتی تحویل ختم ہونے پر راؤز ایوینیو کورٹ میں جج کاویری باویجا کے روبرو پیش کیا ...