17 مئی کے بعد کیا ارادہ ہے؟ سونیا گاندھی کا مودی حکومت سے سوال

Source: S.O. News Service | Published on 7th May 2020, 2:11 PM | ملکی خبریں |

نئی دہلی،7؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا وائرس کی وجہ سے ہندوستان میں گزشتہ 24 مارچ سے لاک ڈاؤن چل رہا ہے۔ اس کا اثر اب غریب، کسان اور چھوٹے کاروبار پر صاف نظر آنے لگا ہے۔ ملک میں لگے لاک ڈاؤن کے تیسرے مرحلہ کے درمیان کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے کانگریس حکمراں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ آج میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور سابق پارٹی صدر راہل گاندھی سمیت کئی لیڈر موجود رہے۔ میٹنگ کے ذریعہ کانگریس کے سینئر لیڈروں نے مودی حکومت کی پرزور تنقید کی اور لاک ڈاؤن کے بعد کے حالات پر مودی حکومت کی کوئی پالیسی نہ بنائے جانے پر سوال اٹھائے۔

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے سامنے سب سے بڑا سوال یہ رکھا ہے کہ آخر 17 مئی کے بعد کیا؟ سونیا گاندھی کا کہنا ہے کہ نہ ہی پیکیج کا اعلان ہوا اور نہ ہی لاک ڈاؤن کو لے کر کوئی منصوبہ بنایا گیا، تو پھر 17 مئی کے بعد لاک ڈاؤن کو لے کر حکومت کیا پالیسی اختیار کرے گی؟

سونیا گاندھی نے میٹنگ کے دوران پہلے تو کسانوں کی تعریف کی اور کہا کہ "سبھی رخنات کے باوجود زبردست گیہوں کی فصل کے ذریعہ فوڈ سیکورٹی یقینی کرنے کے لیے ہم سبھی کسانوں، خصوصاً پنجاب اور ہریانہ کے کسانوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔" اس کے بعد انھوں نے مودی حکومت سے پوچھا کہ"17 مئی کے بعد کیا اور کیسے؟ لاک ڈاؤن کتنا طویل چلنے والا ہے۔ اس کا فیصلہ کرنے کے لیے حکومت ہند کیا پیمانہ استعمال کر رہی ہے؟"

ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں شامل سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے سونیا گاندھی کی بات کو درست ٹھہراتے ہوئے کہا کہ "جیسا کہ سونیا جی کہہ رہی ہیں کہ لاک ڈاؤن 3.0 کے بعد کیا؟ ہم بھی جاننا چاہتے ہیں کہ حکومت کے پاس آگے کا کیا منصوبہ ہے۔ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کو لاک ڈاؤن کے تیسرے مرحلہ کے بعد کی پالیسی معلوم ہونی چاہیے۔"

اس میٹنگ میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کورونا کے انفیکشن میں مبتلا لوگوں کے تعلق سے اپنی بات رکھی۔ خصوصی طور پر انھوں نے کہا کہ کووڈ کے ساتھ لڑائی میں بزرگوں، ذیابیطس اور قلب کے مریضوں کو بچانا بہت ضروری ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے اس موقع پر کہا کہ "ریاستوں کو کافی مالی خسارہ ہو رہا ہے، لیکن حکومت ہند کے ذریعہ کوئی پیکیج نہیں دیا جا رہا۔ کئی اخبارات نے ریاستوں کے پاس خزانہ میں کمی کا ایشو اٹھایا ہے لیکن اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔"

میٹنگ میں راجستھان، پنجاب، چھتیس گڑھ اور پڈوچیری کے وزرائے اعلیٰ نے مرکز سے ابھی تک راحت پیکیج نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ "جب تک وسیع راحتی پیکیج نہیں دیا جاتا، اس وقت تک ریاست اور ملک کی سرگرمیاں کیسے چلیں گی؟ ہم نے 10 ہزار کروڑ روپے کا خزانہ گنوا دیا ہے۔ ریاستوں نے راحتی پیکیج کے لیے بار بار وزیر اعظم سے گزارش کی ہے لیکن ہمیں ابھی تک مرکزی حکومت کی طرف سے کوئی رد عمل نہیں ملا ہے۔"

پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے اس موقع پر کہا کہ "لاک ڈاؤن سے باہر کیسے آیا جائے اور معاشی حالات کو کیسے سنبھالا جائے، اس سلسلے میں ہم نے دو کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ فکر کی بات یہ ہے کہ دہلی میں بیٹھے لوگ زون کی تقسیم کر رہے ہیں، اور وہ بھی یہ جانے کہ زمین پر کیا کچھ ہو رہا ہے۔"

یہ بھی پڑھیں : عربی گھوڑے پر سوار ننھی بچی کے کرتب نے لوگوں کو کیا حیران، دیکھیں ویڈیو

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے میٹنگ میں اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ "ریاستیں سنگین معاشی بحران کا سامنا کر رہی ہیں۔ انھیں فوری مدد مہیا کرانے کی ضرورت ہے۔ چھتیس گڑھ ایک ایسی ریاست ہے جہاں 80 فیصد چھوٹی صنعتیں پھر سے شروع ہو گئی ہیں اور تقریباً 85 ہزار مزدور کام پر لوٹ آئے ہیں۔"

ایک نظر اس پر بھی

مدھیہ پردیش اور مرکز کی بی جے پی حکومت خاتون، نوجوان اور کسان مخالف: جیتو پٹواری

 مدھیہ پردیش میں لوک سبھا انتخابات کی مہم زور پکڑ رہی ہے۔ کانگریس قائدین کی موجودگی میں شہڈول پارلیمانی حلقہ کے امیدوار پھندے لال مارکو اور منڈلا کے امیدوار اومکار سنگھ مرکام نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ اس موقع پر کانگریس لیڈروں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں ...

عدلیہ کی سالمیت کو خطرہ قرار دیتے ہوئے 600 وکلا کا چیف جسٹس آف انڈیا کو مکتوب

عدالتی سالمیت کے خطرے کے حوالے سے ہندوستان بھر کے ۶۰۰؍ وکلاء جن میں ایڈوکیٹ ہریش سالوے اور بار کونسل آف انڈیا کے چیئرمین منن کمار شامل ہیں نے چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچڈ کو مکتوب لکھا ہے۔ وکلاء نے ’’مفاد پرست گروہ‘‘ کی مذمت کی ہے جو عدالتی عمل میں ہیرا پھیری، عدالتی ...

ملک کی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں!

ملک کے خزانے کا حساب و کتاب رکھنے والی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ یہ انکشاف انہوں نے خود ہی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر جے پی نڈا نے مجھ سے لوک سبھا الیکشن لڑنے کے بارے میں پوچھا تھا مگر انہوں نے انکار کر دیا کیونکہ ان کے پاس الیکشن ...

مہوا موئترا نے ای ڈی کے سمن کو کیا نظر انداز، کرشنا نگر میں چلائیں گی انتخابی مہم

 ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) لیڈر مہوا موئترا نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سمن کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کرشنا نگر لوک سبھا حلقہ میں انتخابی مہم چلائیں گی۔ انہیں دہلی میں ای ڈی کے دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔

دہلی میں شدید گرمی، درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچا

 دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا جانے لگا ہے اور مارچ میں ہی گرمی نے اپنا زور دکھانا شروع کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو قومی راجدھانی میں رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچ ...