بھٹکل میں چلتی بائک پر سانپ کا حملہ؛ بائک کی پچھلی سیٹ پر سوارنوجوان شدید زخمی
بھٹکل 24/اگست (ایس او نیوز) بھٹکل میں چلتی بائک پر ایک زہریلے سانپ کے حملہ سے بائک کی پچھلی سیٹ پر سوار نوجوان شدید زخمی ہوگیاہے جسے بھٹکل سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد اُڈپی لے جایا گیا ہے۔ واردات آج جمعہ شام قریب سات بجے پیش آئی۔
اطلاع کے مطابق دو نوجوان نوشاد اور فیروز احمد بائک پر سوار جالی سے اپنے گھر مخدوم کالونی جارہے تھے کہ جالی کی ایک سڑک پر بائک کی رفتار کم کرکے سڑک کے کنارے سے بائک کو لے جانے کے دوران اچانک ایک سانپ نوشاد پر حملہ آور ہوا، لیکن نوشاد کی لنگی آڑے آگئی اور سانپ کا وار خالی چلا گیا، نوشاد پر حملہ کرتے ہی نوشاد نے اپنا پائوں زور سے جھٹک دیا تو سانپ پچھلی سیٹ پر سوار فیروز احمد کے پیر پر جاگرا اور سانپ نے فیروز کی ران کو ڈس لیا۔
23 سالہ فیروز احمد مختصر کو فوری طور پر سرکاری اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد فیروز کو اب اُڈپی شفٹ کیا گیا ہے اور اسے انتہائی نگہداشت والے کمرے (آئی سی یو) میں رکھا گیا ہے۔ اُس کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
گھروالوں نے تمام قارئین سے اُس کی صحت یابی کے لئے دُعائوں کی درخواست کی ہے۔