منگلورو میں پولیس فائرنگ کےردعمل میں نوجوانوں نے کیا تھا ہیڈ کانسٹیبل پر حملہ ۔ پولیس کمشنر کا بیان

Source: S.O. News Service | Published on 20th January 2021, 4:51 PM | ساحلی خبریں |

منگلورو،20؍جنوری (ایس او نیوز) سٹی پولیس کمشنر این ششی کمار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گزشتہ سال دسمبر میں چترا ٹاکیز کےقریب پولیس ہیڈ کانسٹیبل پر جو حملہ کیا گیا تھا وہ دراصل شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے دوران منگلورو میں پھوٹ پڑنے والے فساد کے بعد پولیس کی فائرنگ سے جو دو ہلاکتیں ہوئی تھیں اور کئی افراد زخمی ہوئے تھے، اس کے رد عمل میں کیا گیا تھا۔

 پولیس کمشنر نے بتایا کہ پولیس کانسٹیبل پر حملہ کرنے کے الزام میں پہلے دو ملزمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے، اور اب مزید 6 ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہےجن کے نام انیس اشرف (22سال)، محمد قیس (24سال) ، راحیل (18سال)، عبدالقادر فہد (23سال)، شیخ محمد حارث (31سال)اور محمد نواز (30سال) ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس فائرنگ کا بدلہ لینے کے لئے ان لوگوں نے دو مقامی ٹیمیں بنالی تھیں۔ 19دسمبرکو فائرنگ کا ایک سال پورا ہونے پر بدلہ لینے کے لئے پولیس پر حملہ کرنےکا منصوبہ بنایا تھا۔ پھر یہ سوچ کر کہ اس دن سیکیوریٹی بہت سخت ہوگی اس لئے انہوں نے یہ کارروائی 16دسمبر کو ہی انجام دی۔

پولیس کمشنر کے مطابق پولیس پر حملہ کرنے کی ذمہ داری شروعات میں مجرمانہ کردار والے انیس نے لی تھی مگر پولیس کی نظروں میں آنے سے بچنے کے لئے ایک کم عمر لڑکے سے ہیڈ کانسٹیبل گنیش پر حملہ کروایا گیا۔ پولیس کمشنر نے یہ بھی بتایا ملزم نواز نے حملہ کے بعد پولیس کی تحقیقات کا رخ بدلنے کے لئے کچھ غلط معلومات فراہم کی تھیں۔ محمد نواز شہر کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ایک میڈیکل اسٹور میں ملازمت کرتا ہے اور وہاں پر اس نے ڈاکٹروں کی چٹھی کے بغیر کچھ نشہ آور گولیاں بھاری قیمت پر نوجوانوں کو فراہم کرنے کا سلسلہ چلا رکھا تھا۔ پولیس پر حملہ کرنے والوں کو  بھی یہ گولیاں فراہم کی گئی تھیں ۔

جب پولیس کمشنر ششی کمار سے اخباری نمائندوں نے پوچھا کہ کیا اس معاملے میں کسی تنظیم یا ادارے کا ہاتھ ہے؟ تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب تک تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ پولیس فائرنگ سے ناراض نوجوانوں کی طرف سے کیا گیا حملہ ہے۔  اور ہم اس معاملے کو صرف اسی انداز میں لے رہے ہیں۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی