شیموگہ میں امن وامان بحال رکھنے کیلئے عوام تعائون کریں: اے ڈی جی پی الوک کمار
شیموگہ،16؍اگست (ایس او نیوز؍مدثر احمد) شیموگہ میں حالات معمول کے مطابق ہونے لگے ہیں، پیر کو ہونے والے تشدد کے واقعات کے بعد پولیس نے شہربھرمیں سختی برتی ہے،18؍اگست تک امتناعی احکامات جاری کئے گئے ہیں،شہرمیں تمام سواریوں کی چھان بین کی جارہی ہے اور شہرمیں ٹووہیلرپر ڈبل رائڈنگ کو ممنوع قرار دیاگیاہے،اس کے علاوہ18اگست تک شہرمیں شراب کی فروخت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔پولیس نے منگل کو امن بحال رکھنے اور شہریوں میں اعتماد پیدا کرنے کی خاطر فلیگ مارچ کیا۔شہرمیں اہم تجارتی مراکز گاندھی بازار،اردو بازار،نہرو روڈ میں دکانیں بند ہیں البتہ لوگوں کی چہل پہل دیکھی جارہی ہے۔اس دوران اے ڈی جی پی الوک کمارنے میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہرمیں امن وامان بحال رکھنے کیلئےلوگوں سے اپیل کی اور کہاکہ شیموگہ مہذب و تعلیم یافتہ شہریوں کیلئے جاناجاتاہے،لیکن پچھلے چند دنوں سے جو حالات یہاں پیدا ہوئے ہیں وہ افسوسناک ہیں اور شیموگہ کی بدنامی کا سبب بنتے جارہے ہیں۔مزید انہوں نے کہاکہ شہرمیں حالات کو معمول پر لانے کیلئے پولیس جدوجہد کررہی ہے،اس کیلئے عوام کا تعاون بے حد ضروری ہے۔