سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری انتقال کرگئے
نئی دہلی ، 12/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے جنرل سکریٹری اور راجیہ سبھا کے سابق رکن پارلیمنٹ سیتارام یچوری کا طویل بیماری کے بعد جمعرات کو انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 72 سال تھی۔
یچوری کو دہلی ایمس کے آئی سی یو میں رکھا گیا تھا جہاں وہ سانس کی نالی کے شدید انفیکشن کا علاج کروا رہے تھے۔ گزشتہ چند دنوں سے وہ وینٹیلیٹر پر تھے اور ڈاکٹروں کی ٹیم ان کا علاج کر رہی تھی۔
سیتارام یچوری نے اپنی سیاسی تربیت کمیونسٹ لیڈر ہرکشن سنگھ سرجیت کے زیر سایہ حاصل کی، جنہوں نے وی پی سنگھ کی نیشنل فرنٹ اور 1996-97 کی متحدہ محاذ حکومت کے دوران اہم کردار ادا کیا تھا۔
یچوری نے 1974 میں سٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (SFI) میں شمولیت اختیار کی اور اگلے سال سی پی آئی (ایم) کے رکن بنے۔ ایمرجنسی کے دوران انہیں گرفتار بھی کیا گیا۔
یچوری کی قیادت میں سی پی آئی (ایم) نے کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت کی پالیسیوں پر دباؤ ڈالا اور پارٹی کے اندر ایک مضبوط لیڈر کے طور پر پہچانے گئے۔ یچوری کی وفات سے سیاسی دنیا میں گہرا خلا پیدا ہو گیا ہے، اور ان کے ساتھیوں نے انہیں ایک مخلص اور بے لوث لیڈر کے طور پر یاد کیا ہے۔