بنگلوروتشدد کی جانچ ایس آئی ٹی کے حوالے
بنگلورو،18؍ اگست(ایس او نیوز) بنگلوروشہرکے ڈی جے ہلی اور کے جی ہلی میں ہوئے تشدد کی جانچ کا معاملہ ایس آئی ٹی کے حوالے کرنے ریاستی حکومت نے آج ہدایت دے دی ہے ۔ اس سے قبل ریاستی بی جے پی حکومت ہی نے مجسٹریٹ کے ذریعہ جانچ کا اعلان کیا تھا -متاثرہ علاقہ کے رکن اسمبلی اکھنڈسری نواس مورتی نے آج ہی وزیراعلیٰ سے ملاقات کرکے اس پورے معاملہ کی جانچ سی بی آئی کے ذریعہ کروانے کا مطالبہ کرکے تحریری درخواست دی تھی- اس کے دوگھنٹے بعد ہی حکومت نے اس معاملہ کی ایس آئی ٹی کے ذریعہ جانچ کروانے کا حکم دے دیا ہے - یہ جانچ کرنے ایس آئی ٹی تشکیل بھی دی جاچکی ہے - یہ ٹیم تین خصوصی ٹراسیکیوٹرس پر مشتمل ہے- وزیراعلیٰ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ایس آئی ٹی اس معاملے میں انسداد غنڈہ قانون کا بھی استعمال کرسکتی ہے-اس سے قبل ریاستی حکومت نے اس تشدد کی جانچ ریاستی پولیس کی مختلف ایجنسیوں کے ذریعہ کروانا طے کیا تھا - تاہم اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ اور اب تک اس معاملے کی جانچ کرنے کیلئے پولیس نے جو طریقہئ کار اپنایا ہے اس پر بے اطمینانی کا اظہارکرتے ہوئے تشدد کیلئے ذمہ دار عناصر تک پہنچنے اوران کے خلاف سخت کارروائی کرنے کیلئے انہوں نے معاملے کی جانچ ایس آئی ٹی کے حوالے کرنے کا فیصلہ لیا ہے -سرکاری ذرائع کے مطابق ایک دو دن کے اندر حکومت کی طرف سے تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی علاقے میں اپنی کارروائی شروع کردے گی -