سرسی کے پی یو کالج میں منایا گیا’موبائل ہیمرنگ ڈے‘۔ چوری چھپے کلاس روم میں لائے گئے موبائل فون پر چلایا گیا ہتھوڑا!

Source: S.O. News Service | Published on 14th September 2019, 6:45 PM | ساحلی خبریں |

سرسی 14/ستمبر (ایس او نیوز)پری یونیورسٹی بورڈ کی طرف سے کالجوں میں زیر تعلیم طلبہ کے لئے کالج احاطے میں موبائل لانے اوراس کے استعمال پر پابندی لگائی گئی ہے۔ لیکن ریاست بھر میں تقریباً ہر پی یو سی کالج میں طلبہ اپنے اساتذہ کی نظریں بچاکر موبائل فون استعمال کرتے ہوئے پائے جاتے ہیں۔

عام طور پر پی یوکالجوں میں اچانک طلبہ کے بستوں کی تلاشی لی جاتی ہے،اور موبائل فون ملنے کی صورت میں اسے ضبط کرلیا جاتا ہے۔ لیکن سرسی کے ایم ای ایس چیتنا پی یو کالج میں ایک نیا اور سخت ترین قدم اٹھایا گیاہے۔جس کے تحت یہاں طلبہ کے بستوں کی تلاشی کے دوران کلاس روم میں پائے گئے موبائل فون کو طلبہ کے سامنے ہی ہتھوڑے سے توڑ کر چور چور کیا جارہا ہے۔

طلبہ کی تعلیمی ترقی میں رکاوٹ بننے والے موبائل فون کے استعمال پر لگی پابندی کی خلاف ورزی نہ کرنے کی بار بار تاکید کے باجود جب طلبہ اس سے باز نہیں آئے تو 12ستمبر کوکالج میں طلبہ کے موبائل کے استعمال کے خلاف ایک بیداری پروگرام ’موبائل ہیمرنگ ڈے‘ کے نام سے منایا  گیا۔اور ہال میں جمع طلبہ کے سامنے ہی ضبط کیے گئے دو موبائل فون کو کالج کے پرنسپال آرایم بھٹ نے ہتھوڑے سے پھوڑ ڈالا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپال نے موبائل سے ہونے والے تعلیمی خسارے کے علاوہ جسمانی نقصانات کی تفصیل طلبہ کے سامنے پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے مضر اثرات آگے چل کردماغ کے ساتھ ساتھ بدن کے ہر عضو پر ہوتے ہیں اور پھر ایک دن ناقابل تلافی نقصان کا سبب بنتے ہیں۔ موبائل فون صرف استعمال کرنے والے کو ہی متاثر نہیں کرتا بلکہ دوسروں کے استعمال کرنے سے بھی قریب رہنے والوں کے  جسم کو متاثر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائیر سیکنڈری تعلیم کا زمانہ آئندہ زندگی کی ترتیب و تشکیل کا زمانہ ہوتا ہے۔ اسے موبائل اور انٹرنیٹ کے استعمال میں مشغول ہوکر نہیں گنوانا چاہیے۔انہوں نے طلبہ کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے ضبط کیے گئے فون والدین کی طرف سے جائز وجوہات پیش کرنے پر لوٹائے جاتے تھے۔ یا پھر کچھ مدت تک کالج کے دفتر میں محفوظ رکھنے کے بعد تعلیمی سال کے اختتام پرلوٹائے جاتے تھے۔ مگر والدین سے ضد کرکے اور اساتذہ کی نظریں بچاکر کلاس روم میں موبائل فون لانے کا سلسلہ بند نہیں ہورہا ہے، اس وجہ سے سخت ترین کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب اس کے بعد جو بھی موبائل فون ضبط ہوگا اسے واپس لوٹانے کے بجائے ہتھوڑے سے توڑ ڈالا جائے گا۔اس لئے طلبہ کسی بھی حالت میں موبائل فون اپنے ساتھ لانے کی کوشش نہ کریں۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی

اُڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر حادثہ - بائک سوار ہلاک

اڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر پیش آئی  بائک اور ٹرک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ۔     مہلوک شخص کی شناخت ہیرور کے رہائشی  کرشنا گانیگا  کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ اُڈپی میونسپالٹی میں الیکٹریشین کے طور پر ملازم تھا ۔