سندھو نے اوکوہارا کو مسخر کرکے کورین اوپن خطاب جیت لیا
سیئول 17 ستمبر (ایجنسی) اولمپک سلور میڈل یافتہ ہندوستانی شٹلر پی وی سندھو نے کوریا اوپن سوپر سیریز کے سنسنی خیز فائنل میں آج ورلڈ چمپین نوزومی اوکوہارا کو حیرت انگیز طور پر شکست دے دی۔ 22 سالہ ہندوستانی اسٹار سندھو نے آٹھویں مقام کی حامل جاپانی تھربلر اوکوہارا کو 20-18، 11-21، 22-20 صبر و توانائی کا امتحان لینے والے سخت مقابلے میں شکست دی۔ ایک گھنٹہ 23 منٹ تک جاری رہنے والا یہ مقابلہ دراصل گزشتہ ماہ گلاسگو میں اس جاپانی حریف کا ہاتھوں سندھو کی شکست کا انتقام ثابت ہوا۔ تین ہفتوں سے بھی کم مدت میں ان دونوں کے درمیان دوسرے چوٹی مقابلے میں ایسے کسی سنسنی خیز نتیجہ کی کھیل کے آغاز سے قبل ہی توقع کی جارہی تھی۔ بیڈمنٹن ورلڈ چمپین شپس کے گزشتہ ماہ کھیلے گئے ویمنس سنگلز کے ایک سب سے بڑا مقابلے میں اوکوہارانے ایک گھنٹہ اور 50 منٹ کے کھیل میں سندھو کو شکست دی تھی۔ سندھو کے لئے آج کا چوٹی مقابلہ اس لئے بھی کافی سنسنی خیز اور حوصلہ افزا ثابت ہوا کہ سندھو نے عظیم تر ثابت قدمی بلکہ حریف کی ہر کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بڑی حد تک سخت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا جس کے ذریعہ انہوں نے اپنے کیریئر کی تیسری سوپر سیریز کیلئے اپنے دعویٰ پر کامیابی کی مہرثبت کردی۔ عالمی نمبر 4 سندھو نے 2016ء میں چائنا سوپر سیریز پریمیئر اور انڈین اوپن سوپر سیریز کے علاوہ اس سال سید مودی گراڈ پری پر اپنی جیت کی مہر لگائی تھیں