سیلاب متاثرین سے وزیر اعظم کو کوئی ہمدردی نہیں منڈیا میں منعقدہ پرتیبھا پرسکار کے جلسہ سے سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا کا خطاب

Source: S.O. News Service | Published on 17th September 2019, 10:47 AM | ریاستی خبریں |

منڈیا،17؍ستمبر(ایس او نیوز) ملک کے وزیر اعظم کو سیلاب متاثرین سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ پچھلے ایک سو سال سے کبھی نہ دیکھا گیا سیلاب ریاست میں آیا ہے اور ہزاروں افراد کی زندگی تباہ ہوچکی ہے۔ ایسے حالات میں اب تک سیلاب متاثرین کے لئے کوئی امداد فراہم نہیں کی گئی اور ان کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ وزیر اعظم کو سیلاب متاثرین سے ہمدردی نہ ہونے کا اس سے بڑا ثبوت کیا چاہئے۔ یہ بات سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہی۔ انہو ں نے یہاں شہر کے کنکا بھون میں ضلع کروبا سنگھا کے زیر اہتمام منعقدہ پرتیبھا پرسکار اور سٹی منسپل کونسل وٹاؤن منسپل کونسل کے نو منتخب نمائندوں کے تہنیتی جلسہ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ قائد کہلانے والے میں ہمدردی ہونی چاہئے۔ صرف 56/ انچ کا سینہ رکھنے سے کوئی فائدہ نہیں ہے۔ سیلاب سے ریاست کے تقریباً 5/ تا 6/ ہزار افراد کنگال ہوچکے ہیں۔2/ لاکھ گھر تباہ ہوئے ہیں۔1.25/ لاکھ کنبے گھر سے محروم ہوچکے ہیں، ایسے حالات میں بھی متاثرین سے ہمدردی کے لئے وزیر اعظم کے پاس وقت نہیں ہے۔ سدارامیا نے کہا کہ اس سے قبل 2009/میں بھی ریاست میں یہی صورتحال تھی اور ایڈی یورپا ہی ریاست کے وزیر اعلیٰ تھے اور میں اپوزیشن لیڈر تھا، اس وقت کے وزیر اعظم من موہن سنگھ سے ریاست کا دورہ کرنے کی گزارش کی تھی۔ دوسرے ہی دن وزیر اعظم من موہن سنگھ نے ریاست کا دورہ کیا اور سیلاب سے ہوئی تباہ کاریوں کا جائزہ لیا اور موقع پر ہی 1600/ کروڑ روپئے جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایسے کردار قائد میں ہونے چاہئیں۔ سیاست میں لیڈر بننے کے لئے عوام سے محبت اور ہمدردی کی ضرورت ہوتی ہے۔ دشمن اور انتقام کی سیاست سے کوئی لیڈر نہیں بنتا۔ عوام کا اعتماد حاصل کرنے والا ہی سیاست میں کامیاب لیڈر کہلاتا ہے۔ سدارامیا نے مزید کہا کہ صلاحیت اور اہلیت کے لئے ذات پات کی کوئی قید نہیں ہوتی وہ پیدائشی فطرت ہوتی ہے۔ بچوں کو پڑھائی کیلئے بہتر ماحول فراہم کرنا ہوگا اور ہر بچہ کو اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کرنا ہوگاسدارامیا نے کہا کہ جب انہوں نے پہلی مرتبہ وزیر مالیات کا قلمدان سنبھالا تھا اس وقت کروبا طبقہ کے لوگوں میں حساب کتاب رکھنے کی صلاحیت نہ ہونے کی باتیں گشت کرنے لگی تھیں اور کئی قسم کی تنقیدیں کی جارہی تھیں، اسے چیلنج کے طور پر لیا اور 13/ بجٹ پیش کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ میری طرف سے پیش کردہ بجٹ پر کسی نے اعتراض نہیں جتایا اور عوامی بجٹ پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس لئے طلباء کو چاہئے کہ زندگی میں کچھ کردکھانے کا عزم رکھیں اور اپنے مقصد میں کامیابی کے لئے جدوجہد کریں۔ محنت اور لگن کے ساتھ کام کرنے سے کوئی بھی کارنامہ انجام دیا جاسکتا ہے۔ سدارامیا نے کہا کہ چند لوگوں کو ان کی کامیابی پسند نہیں ہے اور ہمیشہ ان کے خلاف الزام تراشی میں لگے ہوئے ہوتے ہیں،ایسے لوگوں کا کوئی علاج نہیں ہے۔ اس موقع پر شری کاگی نلے کنکا گرو پیٹھا میسور شاخ کے شری شیوا نندا پوری سوامی نے بھی خطاب کیا اور طلباء کو نصیحت کی کہ وہ تعلیم حاصل کرکے والدین اور اساتذہ کا نام روشن کریں۔ سابق ریاستی وزیر این چلو رایا سوامی، سابق رکن اسمبلی ایم ایس آتما نند اور دیگر حاضر تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت مودی حکومت کے بدعنوانی ختم کرنے کے دعووں کی قلعی کھول رہی: کانگریس

کانگریس نے 35 ہزار کروڑ روپے کے غیر قانونی خام لوہا کانکنی گھوٹالہ کے ملزم جناردن ریڈی کے بی جے پی میں شامل ہونے پر آج زوردار حملہ کیا۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی ...

منگلورو میں 'جاگو کرناٹکا' کا اجلاس - پرکاش راج نے کہا : اقلیتوں کا تحفظ اکثریت کی ذمہ داری ہے 

'جاگو کرناٹکا' نامی تنظیم کے بینر تلے مختلف عوام دوست اداروں کا ایک اجلاس شہر کے بالمٹا میں منعقد ہوا جس میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے مشہور فلم ایکٹر پرکاش راج نے کہا کہ ایک جمہوری ملک میں اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا اکثریت کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔

تنازعات میں گھرے رہنے والے اننت کمار ہیگڈے کو مودی نے کیا درکنار

پارلیمانی الیکشن کے دن قریب آتے ہی اننت کمار ہیگڑے نے گمنامی سے نکل کر اپنے حامیوں کے بیچ پہنچتے ہوئے اپنے حق میں ہوا بنانے کے لئے جو دوڑ دھوپ شروع کی تھی اور روز نئے متنازعہ بیانات  کے ساتھ سرخیوں میں بنے رہنے کی جو کوششیں کی تھیں اس پر پانی پھِر گیا اور ہندوتوا کا یہ بے لگام ...

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اننت کمار ہیگڈے کو دکھایا باہرکا راستہ؛ اُترکنڑا کی ٹکٹ کاگیری کو دینے کا اعلان

اپنے کچھ موجودہ ممبران پارلیمنٹ کو نئے چہروں کے ساتھ تبدیل کرنے کے اپنے تجربے کو جاری رکھتے ہوئے، بی جے پی نے سابق مرکزی وزیر اور اُتر کنڑ اکے ایم پی، اننت کمار ہیگڑے کو باہر کا راستہ دکھاتے ہوئے  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں  ان کی جگہ اُترکنڑا حلقہ سے  سابق اسمبلی اسپیکر ...

ٹمکورو میں جلی ہوئی لاشوں کا معاملہ - خزانے کے چکر میں گنوائی تھی  تین لوگوں نے جان

ٹمکورو میں جلی ہوئی کار کے اندر بیلتنگڈی سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی جو لاشیں ملی تھیں، اس معاملے میں پولیس کی تحقیقات سے اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ خزانے میں ملا ہوا سونا سستے داموں پر خریدنے کے چکر میں ان تینوں نے پچاس لاکھ روپوں کے ساتھ اپنی بھی جانیں گنوائی تھیں ۔