بھٹکل میں 'شوچی روچی' موبائل کینٹین سروس کا ہوا آغاز
بھٹکل ،یکم ستمبر (ایس او نیوز) خواتین کی زندگی سدھارنے اور انہیں با اختیار بنانے کے مقصد ضلع اتر کنڑا میں 'شوچی روچی' موبائل کینٹین کا آغاز کیا گیا جس کا پورا انتظام خواتین کے ذریعے کیا جائے گا ۔
اسی نئی موبائل کینٹین گاڑی کو ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے بھٹکل تعلقہ پنچایت دفتر کے احاطے میں ہری جھنڈی دکھائی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس موبائل کینٹین کی دیکھ ریکھ کی ذمہ داری شری مرڈیشور سنجیونی گروپ ماوڈلّی - ۲ گرام پنچایت کو دی گئی ہے ۔ اس گاڑی میں کھانا، پینا، ناشتہ وغیرہ تیار کرکے گاہکوں کو فراہم کیا جا سکتا ہے ۔ اس کینٹین کو چلانے کا کام پوری طرح خواتین کے ذریعے کیا جائے گا اور اسے جہاں چاہے لے جایا جا سکے گا ۔ خواتین کے لئے خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی یہ گاڑی خواتین کے گروپ کو بہت ہی کم لاگت پر فراہم کی جائے گی ۔
وزیر منکال وئیدیا نے کہا کہ یہ موبائل کینٹین گاڑی ضلع پنچایت سی ای او ایشور کاندو کا تخیل ہے ۔ خواتین کو اس اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے ۔
اس موقع پر ماولّی خواتین گروپ کے عہدیدار اور اراکین کے علاوہ سنجیونی ژون سپرنٹنڈنٹ گوپال نائک اور دیگر عہدیدار، تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری، بلاک کانگریس صدر وینکٹیش نائک وغیرہ موجود تھے ۔