شیواجی نگرمیں کورونا متاثرین کی مدد کیلئے وار روم، چرکا سوپر اسپشالٹی اسپتال میں 150بستر دو دن میں مہیا کروا دئیے جائیں گے: رضوان ارشد
بنگلورو، 18؍اپریل(ایس او نیوز)کورونا وائر س کی دوسری لہر نے جس قدر شدت اختیار کی ہے، اسے دیکھتے ہوئے شہر کے قلب میں آنے والے علاقے شیواجی نگر اور آس پاس کے علاقوں میں لوگوں کو فوری راحت رسانی کے انتظامات کا رکن اسمبلی رضوان ارشد نے ہفتے کے روز بی بی ایم پی افسروں کے ساتھ جائزہ لیا۔
اس جائزہ میٹنگ کے بعد رضوان نے بتایا کہ شیواجی نگر سے بھی کورونا کے متعدد معاملات سامنے آ رہے ہیں، اس علاقہ میں متاثرین کے علاج کے لئے انتظامات پر انہوں نے بی بی ایم پی افسروں کو طلب کر کے ان سے بات کی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ حلقہ میں آنے والے سبھی سات وارڈوں میں ایک ایک فیور کلینک فوری طور پر قائم کردیا گیا ہے، اس فیور کلینک میں کووِڈ جانچ کے ساتھ ساتھ اگر کوئی پازیٹیو ہو جائے تو اسے سرکاری کوٹے کے تحت اسپتال میں بستر کی فراہمی اور اسپتال میں داخلہ اورعلاج کا انتظام مفت کروایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ شیواجی نگرحلقہ میں کورونا متاثرین کو فوری امداد بہم کروانے کے مقصد سے بی بی ایم پی کی نگرانی میں ایک وار روم قائم کردیا گیا ہے۔ پیر سے وار روم باقاعدہ کام کرنا شروع کردے گا۔اس کے علاوہ ضرورت پڑنے پر فوری ایمبولنس کی فراہمی کے لئے بھی انتظامات کرنے بی بی ایم پی کے افسروں کو ضروری ہدایت دی جا چکی ہے۔
رضوان ارشد نے بتایا کہ شیواجی نگرکے حضرت کمبل پوش روڈ (براڈوے روڈ) پر واقع چرکا سوپر اسپشالٹی ہاسپٹل کی عمارت میں کورونا متاثرین کی امداد کے لئے 50 بستروں کا انتظام کیا جا چکا ہے،آنے والے دو تین دنوں کے اندر اس اسپتال کے تمام 150بستر کورونا مریضوں کے لئے مہیا کروادئیے جائیں گے اوریہاں ایک کل وقتی کووِڈ کیر سنٹر کام کرنے لگے گا۔