شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی بنے قطر کے نئے وزیراعظم

دبئی 8 مارچ (ایس او نیوز) شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی کو قطر کا وزیراعظم مقرر کیا گیا ہے اور انہوں نے باقاعدہ منگل کو وزیراعظم کی حیثیت سے حلف بھی لے لیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق قطر کے امیر شیخ تمیم بن احمد الثانی نے منگل کے روز شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی کو نیا وزیر اعظم مقرر کرنے کے بعد کابینہ میں ردوبدل کا ایک امیری حکم نامہ جاری کیا ہے۔ جس کے ساتھ ہی 2020 سے اس اہم عہدہ پر فائز شاہی خاندان کے ر کن شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز الثانی کو اس عہدہ سے ہٹادیا گیا ہے ۔
شیخ تمیم نے خالد بن محمد العطیہ کو نائب وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ وزیر دفاع کی بھی ذمہ داری سونپی ہے جبکہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثین کو وزیر داخلہ مقرر کیا ہے۔
کابینہ میں ردوبدل کے بعد وزیر خزانہ علی بن احمد الکواری اور وزیر توانائی سعد الکعبی کو دوبارہ اُن ہی کے عہدوں پر بحال رکھا گیا ہے ۔
امیر نے خودمختار دولت فنڈ قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کی بھی تشکیل نو کی اور شیخ محمد کی جگہ پر مرکزی بینک کے گورنر شیخ بندر بن محمد بن سعود الثانی کو چیئرمین مقرر کیا ۔ بعد ازاں شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے دوحہ کی امیری عدالت میں شیخ تمیم کے سامنے قطر کے نئے وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف لیا۔
شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی 27 جنوری 2016 سے وزیر خارجہ ہیں۔ انہیں 15 نومبر 2017 کو قطر کا نائب وزیراعظم بھی نامزد کیا گیا تھا۔ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی 2018 سے قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین، 2014 سے قطر فنڈ برائے ترقی کے چیئرمین اور قطر کی سپریم کونسل برائے اقتصادی امور اور سرمایہ کاری کے رکن تھے۔
حالیہ تبدیلی کے بعد مبصرین کہتے کہ اپنے اعلیٰ سفارت کار کو وزیر اعظم نامزد کرکے اور کابینہ میں نئے وزیر داخلہ کو شامل کرکے قطر کے امیر نےخلیجی ریاست میں گارڈ کی تبدیلی مکمل کر لی ہے۔
شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی جنہیں وزیر داخلہ نامزد کیا گیا تھا وہ گزشتہ سال ورلڈ کپ کے لیے حکومتی سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ تھے۔