بنگلورو، 24؍ستمبر (ایس او نیوز)ریاستی بی جے پی حکومت کی بدعنوانی کے خلاف کانگریس لیڈروں کی مہم جاری رکھتے ہوئے آج کانگریس لیڈروں نے شہر کے کوئنس روڈ پر دیواروں پر پے سی ایم پوسٹرس لگا تے ہوئے ریاستی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ اس مہم کے دوران پولیس نے کانگریس لیڈروں کوحراست میں لے کر ایک بی ایم ٹی سی بس پر سوار کروایا۔
لیکن جب اس بس کو لے جانے کے لئے کہاگیا تو ڈرائیور نے بتایاکہ بس کا بریک ڈاؤن ہوگیا ہے۔ بریک کام نہیں کررہا ہے۔پھر حراست میں لئے گئے کانگریس لیڈروں کو اس بس سے اتار کر دوسری بس پر سوار کروایا گیا۔اس مرحلہ پر کانگریس لیڈروں نے بریک سے محروم بدعنوان حکومت مردہ آباد کے نعرے لگائے۔
جمعہ کو کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی دفتر کے روبرو کانگریس قائد سدارامیا، کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار، کرناٹک میں کانگریس انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا سمیت سینکڑوں کانگریس لیڈروں نے پے سی ایم پوسٹرس چسپاں کرکے مہم چلائی اور شہر کے کوئنس روڈ کی دیوارو ں پر کانگریس لیڈروں نے پی سی ایم کے سینکڑوں پوسٹرس چسپاں کئے۔اس مہم کے دوران پولیس نے جن کانگریس لیڈروں کو حراست میں لیا ان میں سدارامیا، ڈی کے شیوکمار، ایم بی پاٹل، ایچ کے پاٹل، کے جے جارج، رضوان ارشد اور دیگر شامل ہیں۔