وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کا اعلان،گورکھپور کے رام گڑھ تال میں اتاریں گے’سی پلین‘
گورکھپور، 13 جنوری (آئی این ایس انڈیا) گورکھپور میں سڑک اور ہوائی رابطے کی مضبوط سہولیات کے درمیان وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کے روز گورکھپور میلے کے اسٹیج سے ایک بڑا اعلان کیا۔
گورکھپور کے رام گڑھ تال میں سمندری طیارہ اتارنے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جلد ہی کاروائی شروع کردی جائے گی۔ اس طیارے کی خصوصیت یہ ہوگی کہ یہ ہوائی اڈے کے ساتھ ساتھ پانی پر بھی اتر سکتا ہے۔
بدھ کے روز دو روزہ گورکھپور فیسٹیول 2021 کی اختتامی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ آج گورکھپور سے ملک کے تمام بڑے شہروں کے لئے 9 پروازیں ہیں، بین الاقوامی پرواز جلد ہی کشی نگر سے شروع ہوگی۔ آنے والے دنوں میں اگر کسی کو ضرورت ہو تو سرکٹ ہاؤس سے ہوائی جہاز پکڑ کر ملک کے کسی بھی کونے میں پہنچ سکیں گے۔
وزیر اعلی یوگی نے لوگوں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ صبر، وقار اور نظم و ضبط کے ساتھ کورونا سے لڑنے اور اس سے بچنے کے لئے عمل کریں۔ اسی طرح کے صبر کو برقرار رکھتے ہوئے کرونا ویکسین کیلئے اپنی باری کا انتظار کریں۔