ریاض: اسٹیج فن کاروں پر چاقو سے حملہ کرنے والا پولیس کی حراست میں
ریاض 12 نومبر (آئی این ایس انڈیا) سعودی عرب کے صوبے ریاض کی پولیس کے میڈیا ترجمان شاکر بن سلیمان التویجری نے بتایا ہے کہ دارالحکومت میں کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز پارک کے تھیٹر میں ہونے والے ایک ثقافتی ایونٹ کے دوران فن کاروں پر حملہ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔حملہ آور نے پیر کی شب مقامی وقت کے مطابق آٹھ بجے تھیٹر کی ٹیم کے ارکان میں دو مردوں اور ایک خاتون کو اْس وقت چاقو سے حملے کا نشانہ بنایا جب وہ اسٹیج پر براہ راست اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے تھے۔ترجمان کے مطابق حملہ آور مملکت میں مقیم ایک 33 سالہ یمنی ہے جس کے اسٹیج پر دھاوا بولنے کے فوری بعد اس پر قابو پالیا گیا۔ حملہ آور کے قبضے سے استعمال ہونے والا ہتھیار چاقو برآمد کر لیا گیا اور اسے حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔التویجری نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں مذکورہ تینوں افراد کو معمولی سے زخم آئے۔ انہیں فوری طور پر مطلوبہ طبی امداد فراہم کر دی گئی جس کے بعد تمام افراد کی حالت مستحکم ہے۔