سعودی عرب نے منگل سے خلیجی باشندوں کی مملکت میں آمد و رفت کی اجازت دے دی

Source: S.O. News Service | Published on 14th September 2020, 10:57 PM | خلیجی خبریں |

 ریاض،14/ستمبر (آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ایک ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ مملکت میں بیرون ملک سے شہریوں کی آمد ورفت کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ حکومت نے یکم جنوری 2021ء سے مملکت کے تمام بری، بحری اور زمینی راستے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ تاخیر کرونا وبا کے خطرات کے پیش نظر کی گئی ہے تاہم مخصوص حالات میں صحت کے 'ایس او پیز کے' تحت ہنگامی نوعیت کی آمد و رفت کی اجازت ہو گی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب نے 'کوویڈ 19' کے بڑھتے خطرات اور اس کی دوسری لہر کے خطرے کے ساتھ ساتھ ویکسین کی عدم دستیابی کے باعث احتیاطی تدابیر کے طور پر بیرون ملک سے شہریوں کی آمد ورفت محدود کر رکھی ہے۔

حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں بیرون ملک سے شہریوں کی آمد اور واپسی مرحلہ وار شروع کی جائے گی۔ کل منگل سے خلیجی ممالک کے باشندوں یا خلیجی ملکوں میں قیام کرنے والے دوسرے ممالک کے ویزہ ہولڈرز کو مملکت میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ تاہم مملکت میں خلیجی ملکوں سے آنے والے مسافروں کو 48 گھنٹے کے اندر اندر جاری کردہ میڈیکل رپورٹ پیش کرنا ہو گی تاکہ کرونا کے حوالے سے خطرات پر قابو پایا جا سکے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یکم جنوری 2021ء سے ملک میں دنیا بھر سے لوگوں کی آمد و رفت کے دروازے کھولے جانے سے 30 روز پیشتر وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں آمد و رفت کے مقامات کا تعین کیا جائے گا۔ آمد رفت کے لیے استعمال ہونے اور کھلنے والے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری گذرگاہوں کی فہرست جاری کی جائے گی۔

سعودی عرب میں بیرون ملک آمد و رفت پر سفری پابندی اٹھنے سے قبل بھی ہنگامی حالات کے تحت دنیا بھر کے لیے سفر کی اجازت دی گئی ہے۔

اس سلسلے میں درج ذیل نوعیت کے مسافر ایس اوپیز کے تحت سفرکر سکتے ہیں۔

حکومتی ملازمین، سول اور فوجی اہلکار جنہیں حکومت کی طرف سے بیرون ملک کوئی ذمہ داری سونپی جائے گی۔

سعودی عرب کے دنیا بھر میں قائم سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے اہلکار، علاقائی اور عالمی سطح پر تنظیموں میں کام کرنے والے ملازمین اور ان کے خاندان۔

بیرون ملک غیر منافع بخش اداروں، پبلک یا پرائیویٹ تنصیبات پر کام کرنے والے افراد، کمپنیوں اور تجارتی اداروں سے وابستہ افراد
کاروباری شخصیات، مارکینٹنگ میں کام کرنے والے ملازمین اور کاروباری اداروں کے ایجنٹوں کو سفر کی اجازت ہو گی۔

ایسے مریض جن کا سعودی عرب میں علاج ممکن نہیں اور انہیں ناگزیر طور پر بیرون ملک لے جانے کی ضرورت ہے۔ ان میں سرطان کے مریض یا اعضا کی پیوندکاری کے لیے مریضوں کی بیرون ملک سفر کی اجازت ہو گی۔

بیرون ملک زیرتعلیم سعودی طلبا یا مملکت میں دوسرے ملکوں کے زیرتعلیم طلبا وطالبات، میڈیکل عملہ یا اندرون اور بیرون ملک تدریسی فرائض انجام دینے والے اساتذہ کو بھی ایس او پیز کے تحت سفر کی اجازت ہو گی۔

بیرون ملک میاں یا بیوی، یا ان کے بچوں میں سے کسی کی وفات کی صورت میں بھی مملکت سے باہر جانے یا داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔

سرکاری ،علاقائی اور عالمی سطح پر کھیلوں کی تنظیموں سے وابستہ افراد، کھلاڑیوں، فن کاروں اور انتطامی عہدیداروں کو بھی سعودی عرب میں آنے یا بیرون ملک سفر کی اجازت دی جائے گی۔

ایک نظر اس پر بھی

نوید ائیکری بھٹکل کمیونٹی جدہ کے نئے جنرل سکریٹری منتخب، عبدالمُعیز جوکاکو بنے نئے سکریٹری

نوید حسن ائیکری بھٹکل کمیونٹی جدہ کے نئے جنرل سکریٹری اور عبدالمعیز جوکاکو نئے سکریٹری  منتخب ہوگئے  ہیں، اس بات کی اطلاع بھٹکل کمیونٹی جدہ کے صدر جناب عبدالسلام دامدا ابو نے دی ہے۔

سعودی عرب نے ہندوستان پر لگائی سفری پابندی

ہندوستان میں کورونا انفیکشن بے قابو ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ روزانہ تقریباً ایک لاکھ مریض سامنے آ رہے ہیں اور کورونا مریضوں کی تعداد کے معاملے میں ہندوستان دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔

بحرین کی اسرائیل سے ڈیل،علاقائی سلامتی کو تقویت ملے گی: شیخ سلمان کی نیتن یاہو سے گفتگو

بحرین کے ولی عہد شیخ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔انھوں نے عالمی سلامتی اور امن کو مضبوط بنانے اور امن ، استحکام اور خوش حالی کے فروغ کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔

سعودی عربیہ کے طائف میں کار حادثہ کا شکارایک نوجوان جاں بحق، دوسرا شدید زخمی

یہاں سے قریب  35 کلو میٹر دور گولی ہوڑے کا ایک نوجوان سعودی عربیہ کے طائف میں ہوئے سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت  افتخار مٹّا (33) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثے میں گنگولی کا رہنے والا ایک شخص جس کی شناخت مالی سرفراز (43) کی حیثیت سے کی گئی ہے شدید زخمی ہوا ہے جسے طائف کے کنگ ...