سعودی وزارت دفاع کا 'رماح النصر' کے نام سے 10 روزہ مشقیں شروع کرنے کا اعلان
ریاض، 30/جنوری (آئی این ایس انڈیا) سعودی عرب کی وزارت دفاع کی جانب سے 10 روزہ فضائی مشقیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مشقیں یکم فروری بہ مطابق 18 جمادی الثانی سے 28 جمای الثانی تک جاری ہیں گی۔ 'رماح النصر' کے نام سے ہونے والی ان مشقوں کے لیے مملکت کے مشرق میں واقع 'ایئروار سیںٹر' کو منتخب کیا گیا ہے۔ ان مشقوں میں سعودی فضائی دفاع کی نمائندہ رائل ایئرڈیفینس، سعودی عرب کی شاہی بری افواج، رائل نیول فورس اور رائل ایئر ڈیفنس کے دستے حصہ لیں گے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی 'ایس پی اے' کے مطابق مشقوں کے لیے فضائیہ، بری فوج اور نیوی کے دستے شاہ عبدالعزیز ایئربیس پر پہنچ چکے ہیں۔ یہ فوجی اڈہ مشترکہ مشقوں کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے اور اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔
اس میں سعودی عرب کی دوسری مسلح افواج کی ذیلی شاخوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ان مشقوں کا مقصد مملکت کے دفاعی اداروں کی صلاحیت کو مزید بہتر بنانا اور کسی بھی خطرے اور جنگ کی صورت میں مشرکہ کارروائیوں کے لیے تیاری کرنا ہے۔
خیال رہے کہ شاہ عبدالعزیز ایئربیس جنگی تربیت کے حوالے سے ایک پرانا مرکز ہے۔ اس اڈے پر مسلح افواج کو مشقوں کے دوران حقیقی جنگ کا ماحول فراہم کیا جاتا ہے۔ اس اڈے کو جدید دور کے جنگی تقاضوں کی تربیت کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔