سعودی عرب: عسیر صوبے کے گاؤں نے برف کی چادر تان لی
ریاض 11نومبر (آئی این ایس انڈیا) سعودی عرب کے صوبے عسیر میں ”تہلل“ اور ”السودہ“ کے پہاڑوں کے متوازی 3500 میٹر کی بلندی پر واقع گاؤں شعف آل ویمن ان دنوں سحر انگیز منظر پیش کر رہا ہے۔سعودی عرب کے جنوب مغربی صوبے عسیر میں ابہا شہر سے 12 کلو میٹر مغرب میں واقع گاؤں نے گذشتہ روز برف باری کے بعد سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ سعودی فوٹوگرافر فائع الالمعی نے ان دل کش مناظر کو اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیاہے۔ یہاں کی زرعی اراضی میں دال، مکئی اور بعض پھلوں کے درختوں کی کاشت کی جاتی ہے۔ بالخصوص بادلوں کے قریب ہونے کے باعث یہ مقام قدرتی طور پر سیاحوں کے لیے کشش کا مرکز ہے۔فائع الالعمی کے مطابق وہ 20 برس سے قدرتی مناظر کو محفوظ کر رہے ہیں۔ انہوں نے عسیر کے ضلع ’رجال المع‘ میں متعدد اور المفتاحہ گاؤں میں ایک نمائش میں حصہ لیا۔ الالمعی نے فوٹوگرافی کی ابتدا مختلف ایونٹس کی کوریج سے کی تھی۔سعودی فوٹوگرافر نے بتایا کہ عسیر صوبہ قدرتی جمال میں امتیازی حیثیت رکھتا ہے جہاں فوٹوگرافر کو اپنی خواہش کے مطابق متاع مل جاتی ہے۔ شعف آل ویمن کا گاؤں سحر انگیز قدرتی مناظر سے مالا مال ہے۔ اس کے سرسبز مقامات، زرعی اراضی اور گھنے جنگل لوگوں کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں اور یہ اس کے سیاحتی مستقبل کو باور کراتے ہیں۔