سعودی عرب: کھائی میں جیپ گرنے سے 3 افراد جاں بحق
ریاض27مارچ ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) سعودی عرب کے جنوب مغربی صوبے جازان کے پہاڑی علاقے میں ایک گاڑی کے گہری کھائی میں گر جانے کے نتیجے میں تین شہری جاں بحق ہو گئے۔ یہ اندوہ ناک حادثہ پیر کی دوپہر الریث ضلعے میں پیش آیا۔جازان صوبے میں شہری دفاع کے سرکاری ترجمان یحیی القحطانی کے مطابق الریث ضعلے میں جبلِ اسود کے نزدیک ایک ٹویوٹا جیپ الٹ کر کھائی میں جا گری۔شہری دفاع کی ٹیم نے جائے حادثہ پر پہنچ کر شہریوں کی مدد سے تین لاشوں کو نکال لیا۔ حادثے کے نتیجے میں ایک سعودی طالب علم اور اس کی دو بہنیں جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔ نکالی جانے والی لاشوں کو الریث ہسپتال پہنچا دیا گیا۔