سرفراز خان کا کمال: ایرانی کپ میں ڈبل سنچری بنا کر ممبئی کے پہلے کھلاڑی بن گئے!
ممبئی، 3/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ہندوستان کے ہونہار نوجوان بلے باز سرفراز خان کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کھیلنے کا موقع نہ مل سکا، لیکن ایرانی کپ میں انہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو حیران کر دیا ہے۔ ایرانی کپ 2024 کا میچ رنجی چمپئن ممبئی اور ریسٹ آف انڈیا کے درمیان جاری ہے، جس میں ممبئی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کر رہی ہے۔ اس مقابلے میں سرفراز خان نے ایک تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے، کیونکہ وہ ایرانی کپ میں ڈبل سنچری بنانے والے ممبئی کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
سرفراز خان گزشتہ کئی سالوں سے گھریلو کرکٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ان کا یہ فارم ایرانی کپ میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس مقابلے کی پہلی اننگ میں انھوں نے 253 گیندوں پر اپنی ڈبل سنچری مکمل کی، اور جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو وہ 276 گیندوں پر 221 رن بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔ اس اننگ کے دوران سرفراز نے 4 چھکے اور 25 چوکے لگائے ہیں۔ یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کا چوتھا 200 پلس اسکور ہے۔
سرفراز خان حال ہی میں اختتام پذیر ہند-بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز میں ہندوستانی اسکواڈ کا حصہ تھے، لیکن انھیں فائنل الیون میں کھیلنے کا موقع نہیں مل پایا تھا۔ کانپور ٹیسٹ میں بھی جب وہ فائنل الیون میں شامل نہیں کیے گئے تو ایرانی کپ کھیلنے کے لیے انھیں ریلیز کر دیا گیا تھا۔ اس موقع پر سرفراز خان نے پورا فائدہ اٹھایا اور اب قوی امید ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز میں انھیں ضرور موقع ملے گا۔