10کارپوریشوں کے صفائی کرمچاریوں میں اسکوٹرس کی تقسیم ، 600کرمچاریوں میں گاڑیاں تقسیم کرنے وزیر اعلیٰ بومئی کا اعلان

بنگلورو، 18؍ستمبر(ایس او نیوز)وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے کہا کہ صفائی کرمچاریوں کو دو پہیے والی گاڑیاں تقسیم کی جانے والی اسکیم کو ریاست کے10کارپوریشنوں تک توسیع کی گئی ہے۔
انہوں نے بتا یا کہ مذکورہ اسکیم سے600صفائی کرمچاروں میں دو پہیہ والی گاڑیاں تقسیم کی جائیں گی۔پہلے مرحلے میں 400صفائی کرمچاریوں میں گاڑیاں تقسیم کی جا رہی ہیں۔ کل ودھان سودھا کے سامنے کرناٹک اسٹیٹ صفائی کرمچاری ڈیولپمنٹ بورڈ کی جانب سے ودھان سودھا،وکاس سودھا اور ملٹی اسٹوریڈ(ایم ایس) بلڈنگ میں خدمت انجام دے رہے صفائی کرمچاریوں میں الیکٹرک دو پہیہ والی اسکوٹرس تقسیم کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کر تے ہو ئے وزیر اعلیٰ نے اس بات کی جانکاری دی۔
انہوں نے بتا یا کہ صفائی کرمچاریوں کیلئے تمام سہولتیں فراہم کرتے ہو ئے انہیں خوشحال زندگی گزارنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتا یاکہ صفائی کرمچاریوں کی خدمات نا قابل فراموش ہیں۔وزیر اعلیٰ کے مطابق صفائی کرمچاری روزانہ کچرا صاف کرتے ہو ئے پاک وصاف ماحول فراہم کر تے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی خدمات کے عوض انہیں دو پہیہ والی گاڑیاں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ انہوں نے بتا یا کہ بیرونی ممالک میں صفائی کرمچاری کاروں کے ذریعے کام پر پہنچتے ہیں۔ اب یہاں دو پہیے والی گاڑیاں تقسیم کی جار ہی ہیں۔ انہیں امید ہے کہ آنے والے دنوں میں یہاں کے صفائی کرمچاری بھی کاروں کے ذریعے کام پرپہنچیں گے۔
بومئی نے کہا کہ صفائی کرمچاریوں کے لئے مذکورہ اسکیم کی اشد ضرورت ہے اور اس اسکیم سے استفادہ کر تے ہو ئے صفائی کرمچاری پیدل آنے کے بجائے اپنی دو پہیہ والی گاڑیوں کے ذریعہ کام پر پہنچیں گے،آنے والے دنوں میں وہ کاروں میں بھی سفر کرنے کی امید کر تے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ حکومت صفائی کرمچاریوں کے مسائل حل کرنے کے اپنے وعدہ کی پابند ہے۔
اس موقع پر گووند کارجول،سی ٹی روی بورڈ کے چیرمین سمیت دیگر حاضر رہے۔