رنجی ٹرافی : بہار کے شکیب الغنی نے رقم کی تاریخ ، ڈیبو فرسٹ کلاس میچ میں ٹرپل سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز
کولکاتہ،18؍ فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) آج رنجی ٹرافی 2022 کا دوسرا دن ہے۔ آج بہار کے مڈل آرڈر بلے باز شکیب الغنی نے تاریخ رقم کی۔ وہ ڈیبو فرسٹ کلاس میچ میں ٹرپل سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ میزورم کے خلاف کولکاتہ میں کھیلے جا رہے میچ میں بہار کے شکیب الغنی نے 405 گیندوں پر 341 رنز کی تاریخی اننگز کھیلی۔
اس دوران انہوں نے 56 چوکے اور دو چھکے لگائے۔ 22 سالہ شکیب الغنی اقبال عبداللہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس سے قبل فرسٹ کلاس ڈیبو میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اجے راجکمار روہیرا کے پاس تھا۔ انہوں نے اپنے پہلے میچ میں 267 رنز بنائے تھے۔
فرسٹ کلاس ڈیبو پر سب سے زیادہ رنز
1- 341 سکیب الغنی (2022)
2- 267 اجے روہیرا (2018)
3- 260 امول مجمدار (1994)
4- 256 باہر شاہ (2017)
5- 240 ایرک مارکس (1920)
بہار کی جانب سے شکیب الغنی کے علاوہ ببلو کمار نے ڈبل سنچری بنائی۔ ببلو 398 گیندوں پر 229 رنز بنانے کے بعد ناقابل شکست واپس لوٹے۔ بہار نے صرف 71 رن پر اپنے تین وکٹ گنوائے تھے۔ اس کے بعد شکیب اور ببلو کے درمیان 399 رنز کی شراکت ہوئی۔ بہار نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 686 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی۔