مسقط میں ساحل آن لائن کے ایڈیٹر جناب عنایت اللہ گوائی صاحب کے ساتھ بھٹکلی احباب نے کیا ایک نشست کا انعقاد
مسقط، یکم نومبر (ایس او نیوز) ساحل آن لائن کے ایڈیٹر کامیاب اور تجربہ کار صحافی جناب عنایت اللہ گوائی صاحب کی مسقط تشریف آوری کو غنیمت سمجھتے ہوئے موصوف کے ساتھ مسقط میں مقیم بھٹکلی احباب کی روئی اور سیب میں دو اہم نشست منعقد ہوئی جسمیں موصوف نے "میڈیا کی اہمیت اور اس کی ضرورت" کے موضوع پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ ساحل آن لائن کی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا۔
روئی میں منعقدہ نشست کا آغاز مولوی مبشر برماور ندوی اور سیب میں منعقدہ نشست کا آغاز مولوی عمر سلیم عسکری ندوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
ساحل آن لائن کے ایڈیٹر نے میڈیا کی اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ میڈیا ایک ایسا ہتھیار ہے جس کے اندر حکومت بنانے اور گرانے دونوں کی طاقت موجود ہے مزید کہا کہ دور حاضر میں اسلامی تعلیمات کو پھیلانے کا ایک موثر ذریعہ میڈیا ہے۔لیکن افسوس آج زیادہ تر بڑے بڑے میڈیا پر اسلام دشمن طاقتوں کا قبضہ ہے۔
روی میں منعقدہ نشست میں بھٹکل مسلم اسوسی ایشن مسقط کی انتظامیہ سمیت کاروباری حضرات بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری جناب صدیق اسماعیل نے بھی خطاب کیا اور انجمن کی خدمات سمیت صد سالہ تقریب پروگرام کی تفصیلات عوام کے گوش گذار کئے، اسی طرح جماعت المسلمین بھٹکل کے سابق صدر بھٹکل کے کامیاب تاجر جناب عبدالرحمن محتشم جان نے بھی اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے نشست پر موجود ذمہ داران پر زور دیا کہ ہمارے نوجوانوں کو کاروبار میں آگے بڑھنا چاہئے اور اسمال اسکیل انڈیسٹریس کی طرف توجہ دینی چاہئے۔
اگلے روز سیب میں منعقدہ ساحل آن لائن ایڈیٹر کے ساتھ منعقدہ نشست میں کاروباری حضرات کے ساتھ سیب کے اہم ذمہ داران موجود تھے۔