ذات پر مبنی مردم شماری کی اجازت دینے والا آر ایس ایس کون ہے؟ کانگریس کا سوال
نئی دہلی، 3/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے کہا ہے کہ ملک میں ذات پر مردم شماری کرائی جانی چاہیے لیکن اسے صرف سیاسی فائدے کے لیے نہیں کرایا جانا چاہیے۔ آر ایس ایس کے اس بیان کے ایک دن بعد کانگریس نے منگل (3 ستمبر) کو سوال کیا کہ اب جب کہ سنگھ کی طرف سے گرین سگنل مل گیا ہے، کیا وزیر اعظم نریندر مودی کانگریس کی ایک اور ضمانت کو ہائی جیک کر کے ذات پر مبنی مردم شماری کرائیں گے؟ کانگریس نے کل پانچ سوال پوچھے ہیں، جن میں سنگھ اور حکومت دونوں کا محاصرہ کیا گیا ہے۔
آر ایس ایس کے اکھل بھارتیہ پرچار پرمکھ سنیل آمبیکر نے کیرالہ کے پالکڑ میں ایک پروگرام کے دوران کہا تھا کہ سنگھ کو ذات پر مبنی مردم شماری پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن ڈیٹا کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے نہ کہ انتخابی فوائد کے لیے سیاسی ہتھیار کے طور پر۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے سنگھ لیڈر کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے ایک پوسٹ کے ذریعے پوچھا کہ آیا آر ایس ایس کے پاس ذات پر مبنی مردم شماری پر ویٹو کرنے کا اختیار ہے؟
کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے مودی حکومت سے پانچ سوال پوچھے ہیں۔ ان سوالات کے ذریعے سنگھ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ جئے رام نے پوچھا، ’’ذات پر مبنی مردم شماری پر آر ایس ایس کی تبلیغی باتیں کچھ بنیادی سوالات کو جنم دیتی ہیں۔ کیا آر ایس ایس کے پاس ذات پر مبنی مردم شماری پر ویٹو کا اختیار ہے؟ آر ایس ایس کون ہے جو ذات پات کی مردم شماری کی اجازت دے؟ آر ایس ایس کا کیا مطلب ہے جب وہ کہتی ہے کہ انتخابی مہم کے لیے ذات پر مبنی مردم شماری کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے؟ کیا یہ جج یا ایمپائر بننا ہے؟
انہوں نے پوسٹ میں مزید کہا، "آر ایس ایس نے دلتوں، آدیواسیوں اور او بی سی کے ریزرویشن پر 50 فیصد کی حد کو ہٹانے کے لیے آئینی ترمیم کی ضرورت پر پراسرار خاموشی کیوں اختیار کر رکھی ہے؟ اب جب کہ آر ایس ایس نے ہری جھنڈی دکھا دی ہے، تو کیا غیر حیاتیاتی وزیر اعظم کانگریس کی ایک اور ضمانت کو ہائی جیک کریں گے اور ذات پر مبنی مردم شماری کریں گے؟
وہیں، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے پیر کی شب کہا تھا کہ آر ایس ایس کو ملک کو واضح طور پر بتانا چاہئے کہ وہ ذات پر مبنی مردم شماری کے حق میں ہے یا اس کے خلاف! کھڑگے نے کہا، ’’ملک کے آئین کے بجائے منو اسمرتی کے حق میں رہنے والا سنگھ پریوار دلتوں، قبائلیوں، پسماندہ طبقات، غریبوں اور محروم طبقہ کی شمولیت کو لے کر فکر مند ہے یا نہیں؟‘‘