بنگلورومیں کھانا تقسیم کرنے والے مسلم نوجوانوں پر آرایس ایس کارکنوں کا حملہ
بنگلورو،7/اپریل (ایس او نیوز) کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران غریبوں کو مفت کھانا تقسیم کرنے والے گروپ میں موجود مسلمانوں کو نشانہ بنا کر ان پر آر ایس ایس کارکنوں کی جانب سے حملہ کرنے کی واردات پیش آئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ شہر کے امرتا ہلی پولیس اسٹیشن کی حدود میں ہوا جس میں شرپسندوں کا گروہ چار مسلم نوجوانوں پر حملہ کر کے فرار ہوگیا۔ زخمیوں کو امبیڈ کر کالج اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
بنگلور سے شائع ایک اخباری رپورٹ کے مطابق اس حملے کے بارے میں سوراج ابھیان بنگلورو ضلع کی سکریٹری زرین تاج نے ویڈیو جاری کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ یہاں کے داسراہلی میں غریبوں کو مفت کھانا تقسیم کیا جارہا تھا۔ اس موقع پر وہاں آر ایس ایس کے کارکن آگئے اور کہا کہ مسلمان کھانا تقسیم نہ کریں، انہوں نے گالیاں دیں اور مسلم نوجوانوں پر مہلک ہتھیاروں سے حملہ کردیا جس سے ایک نوجوان کا سر اور دوسرے کا ہاتھ شدید زخمی ہوگیا۔ زرین تاج نے پولیس سے شرپسندوں کو تلاش کر کے ان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔