برمنگھم،3؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) عالمی کپ 2019 میں ٹیم انڈیا کے سلامی بلے باز روہت شرما کی زبردست کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ روہت شرما نے منگل کو بنگلہ دیش کے خلاف بہترین سنچری لگا کرتاریخ رقم کردی۔ ان کے نام آج متعدد ریکارڈ درج ہوگئے۔ روہت شرما نے90 گیندوں پر6 چوکوں اور5 چھکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔ یہ ان کے ونڈے کیریئرکی 26 ویں سنچری ہے۔ روہت شرما حالانکہ سنچری مکمل کرتے ہوئے سومیا سرکارکی گیند پرلٹن داس کوکیچ دے کرپویلین لوٹ گئے۔
روہت شرما نے اپنی اس اننگ کے بعد ریکارڈوں کی بارش بھی کردی۔ ٹیم انڈیا کے لئے روہت شرما کا بلا جس طرح سے رنوں کی بارش کر رہا ہے، اسے دیکھتے ہوئے ٹیم کے خطاب جیتنےکے امکانات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ روہت شرما نے آج متعدد ریکارڈ اپنے نام کرلئے ہیں۔ آئیے ایک نظرڈالتے ہیں روہت شرما کے ریکارڈوں پر۔
عالمی کپ میں 4 سنچری: کسی بھی عالمی کپ میں 4 سنچری لگانے والے وہ پہلے ہندوستانی بن گئے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کے سابق کپتان سوربھ گانگولی کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے2003 کےعالمی کپ میں تین سنچریاں لگائیں تھیں۔ روہت شرما نےاس کے ساتھ ہی سری لنکائی بلے بازکمارسنگا کارا کی برابری بھی کرلی، جنہوں نے 2015 کے عالمی کپ مین مسلسل 4 سنچریاں لگائی تھیں۔
صرف سچن تندولکرسے پیچھے: روہت شرما عالمی کپ میں سب سے زیادہ سنچری لگانے کےمعاملے میں دوسرے نمبرپرہیں۔ انہوں نےکمارسنگاکارا کو پیچھے چھوڑا، جن کے نام پر4 سنچریاں درج ہیں۔ عالمی کپ میں سب سے زیادہ 6 سنچری لگانے کا ریکارڈ سچن تندولکرکےنام ہے۔ روہت شرما کل 5 سنچری لگا چکے لیں، جن میں سے 4 اسی عالمی کپ میں لگائی ہیں۔ یہ چاروں سنچری انہوں نے جنوبی افریقہ، پاکستان، انگلینڈ اوربنگلہ دیش کے خلاف لگائی ہیں جبکہ ایک سنچری انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف ہی 2015 میں ہوئے کوارٹرفائنل میں لگائی تھی۔ یہ مقابلہ میلبورن میں کھیلا گیا تھا۔
عالمی کپ میں 500 سے اوپر: اس سنچری کے ساتھ ہی روہت شرما موجودہ عالمی کپ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پہلے نمبرپرآگئے ہیں۔ وہ 544 رن بناچکے ہں۔ عالمی کپ میں 500 سے زیادہ رن بنانے والے روہت شرما دوسرے نمبرپرہیں۔ ان سے قبل ہندوستان کے مایہ ناز ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکریہ کارنامہ 1996 اور2003 کےعالمی کپ میں انجام دے چکے ہیں۔
نئے سکسرکنگ: روہت شرما ونڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے ہندوستانی بلے بازبن گئے ہیں۔ انہوں نے مہندرسنگھ دھونی کوپیچھے چھوڑا۔ دھونی نے 228 چھکے لگائے تھے، جبکہ روہت شرما 230 چھکے لگاچکے ہیں۔ ان سے آگےاب سنت جے سوریہ (270)، کرس گیل (326) اورشاہد آفریدی (351) ہیں۔
تیسرے سال ہزارپار: روہت شرما نے مسلسل تیسرے سال ونڈے کرکٹ میں ایک ہزارسے زیادہ رن پورے کئے۔ انہوں نے 2017 اور2018 میں بھی ایک ہزاررن پورے کئے تھے۔ روہت شرما نے آج بنگلہ دیش کے خلاف سنچری مکمل کرتے ہی ریکارڈوں کی جھڑی لگا دی ہے۔ انہوں نے کئی عظیم کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑکرکئی ریکارڈ اپنے نام کئے۔ وہ عالمی کپ 2019 کے کنگ بنتے ہوئے نظرآرہے ہیں۔