بیدر میں 71ویں جشن یومِ جمہوریہ کے موقع پر پولس گراونڈ میں ضلع انچارج منسٹر پربھو چوہان کے ہاتھوں پرچم کشائی ؛ آٹونگر سمیت کئی علاقوں میں بھی منعقد کی گئی تقریب
بیدر۔26/جنوری۔(محمدامین نواز/ایس او نیوز) آج پولیس پریڈگراؤنڈ پر بیدر ضلع کا مرکزی جشن یومِ جمہوریہ ہند پروگرام کا انعقادعمل میں آیا۔بیدر ضلع انچارج منسٹر مسٹر پربھو چوہان نے پرچم کشائی کی رسم انجام دینے کے بعد پولیس جوانوں سے سلامی لی۔اس موقع پر بیدر ضلع انچارج منسٹر پربھو چوہان نے خطاب کرتے ہوئے بیدر ضلع اور ریاستِ کرناٹک میں حکومت کی جانب سے انجام دئیے جارہے تمام ترقیاتی کاموں کی تفصیل رکھی اورکہاکہ ریاست کرناٹک میں امن وضبط کی صورتحال میں بہتری کیلئے ہر ایک کی نیک خواہشات اس میں شامل ضرورہیں۔بیدر ضلع کی ترقی کیلئے ریاستی حکومت نت نئے منصوبوں کے تحت کام کررہی ہے اور بیدر ضلع آنے والے دنوں میں ایک بہتر اور ترقیاتی ضلع کہلائے جائے گا۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے ارکان قانون ساز کونسل مسٹررگھوناتھ ملکہ پورے‘ مسٹر اروند ارلی‘ محمد رحیم خان رکن اسمبلی بیدر‘مسٹر بنڈپا قاسم پور رکن اسمبلی (بیدر جنوب)‘بیدر کے رکن پارلیمنٹ مسٹر بھگونت راؤ کھوبا‘ بیدر ضلع پنچایت کی صدر شریمتی گیتا پنڈت راؤ چدری“ نائب صدر لکشمن بڑلا‘بیدر کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایچ آرمہادیو‘بیدر ضلع پنچایت کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر‘بیدر کے ایس پی مسٹر ٹی سریدھر‘ اور معزز شخصیات موجود تھے۔پروگرام میں مُختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شحصایت کو اعزاز و تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر پولیس محکمہ‘ ہوم گارڈ‘ این سی سی‘ اسکاؤٹ اور کالج و اسکول کے طلباء کی جانب سے پریڈ کے علاوہ سلامی دی گئی‘ اس کے علاوہ تہذیبی و ثقافتی پروگرام طلباء کی جانب سے پیش کئے گئے۔٭٭٭
بیدر شہر کے محمد آباد آٹو نگر میں بھی تقریب:
پولس گراونڈ میں سرکاری تقریب کے علاوہ بیدر کے مختلف حصوں میں بھی یوم جمہوریہ پورے جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ بیدر شہر کے محمد آباد آٹو نگر میں جشن یومِ جمہوریہ ہندکے موقع پر جناب محمد عبدالباقی عرف بابا سیریکار صدر محمد آباد آٹو نگر نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی۔ پروگرام میں مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے مبشیر اُللہ ایڈوکیٹ سکریٹری‘جناب شہریاز پٹیل جنرل سکریٹری نے شرکت کی۔اس موقع پر محمد آباد آٹو نگر میں سنئیر و بزرگ افراد کو ان کی خدمات کے تئیں شالپوشی و گُلپوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی اور مومنٹو دیا گیا۔ جن کے نام اس طرح ہیں محمد جعفر موٹر گاڑی باڈری وئیر‘ بھرتی پاٹہ مونپنگ‘ ناگیش راؤ گریل ورک‘ محمد مہتاب لیتھ ورک‘ بابو بھائی ریڈیٹر ورک‘ محمد ادریس (گورے میاں) میکانک شامل ہیں۔مذکورہ بالا پروگرام میں ان بزرگ شخصیت کی خدمات کو سراہا گیا۔پروگرام کے انتظامات جناب محمد الیاس پٹیل‘ محمد شبّر‘‘محمد فیروز‘ محمد شفیع‘محمد عظیم الدین‘ محمدجعفر‘ محمد اعظم‘ محمد وسیم‘محمد عبدالحئی‘اور مسٹر انیل نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔٭٭٭