دہلی کے راج پتھ پر دھوم دھام سے71 واں جشن یوم جمہوریہ منایا گیا دنیانے فوج کی طاقت، ہندوستان کی شان و شوکت اور ثقافتی ورثے کا کیا مشاہدہ
نئی دہلی26جنوری(آئی این ایس انڈیا) صدر رام ناتھ کووندنے اتوار کو 71 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر راج پتھ پرسلامی لی۔لیفٹیننٹ جنرل مستری، جنرل آفیسرکمانڈنگ، ہیڈکوارٹر دہلی ایریا کی طرف سے اس سال یوم جمہوریہ کی پریڈ کی قیادت کی گئی۔ اس دوران راج پتھ پر سخت سیکورٹی کے درمیان ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی، مہمان خصوصی برازیل کے صدر جیر بولسونارو، اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے علاوہ کابینہ کے وزراء اور سفارت خانے کے دیگر معزز لوگ بھی موجود رہے۔
پروگرام کے آغاز سے پہلے صدر رام ناتھ کووندد اور پی ایم مودی نے نئی دہلی کے نیشنل وار میموریل پرخراج عقیدت پیش کرکے شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ان کے ساتھ موجودہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت، آرمی چیف جنرل منوج مکند نروے، بحریہ سربراہ کرمبیرسنگھ اور فضائیہ سربراہ ایئر مارشل آرآے ایس بھدوریا بھی تھے۔
بھگوا پگڑی پہن کر وزیر اعظم نے اس دن بھارت کی سالمیت کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوئے فوجیوں کے اس انمول شراکت کو یاد کرتے ہوئے انہیں سلامی دی۔21 بندوقوں کی سلامی کے ساتھ صدر نے ترنگالہرایا۔ اس سال کے اہم مہمان کے طور پر جیر بولسونارو وزیر اعظم کے ساتھ بیٹھ کر بھارت کی کارکردگی کو دیکھتے نظر آئے۔ ملک کی ثقافتی ورثہ اور اقتصادی ترقی کی عکاسی والی 22 فلوٹ میں سے 16 جھانکیاں،ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی رہیں اور دیگر 6 مختلف وزارتوں اور محکموں کی۔ صبح 10 بجے شروع ہواپروگرام پورے 90 منٹ تک چلا۔ اس دوران ہندوستانی فوج نے اپنی طاقت کی ایک چھوٹی سی جھلک بھی دکھائی۔