میسکو کے بانی ڈاکٹر فخرالدین محمد دردکے انتقال پر گورنرعارف محمد خاں کی زیر صدارت آن لائن تعزیتی اجلاس

Source: S.O. News Service | Published on 8th May 2021, 8:34 PM | ملکی خبریں |

نئی دہلی،8/مئی(ایس او نیوز/پریس ریلیز)میسکو کے بانی اور اعزازی سیکریٹری جناب ڈاکٹر فخرالدین محمد حیدرآباد کے انتقال پر ایک آن لائن تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اجلاس کی صدارت کیرالہ کے گورنر عالی جناب عارف محمد خاں صاحب نے فرمائی۔

ماہرتعلیم اور سماجی کارکن جناب کلیم الحفیظ صاحب نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔قاری مفضال الحق کی تلاوت قرآن سے اجلاس کا آغاز ہوا۔اجلاس میں ملک بھر سے اہل علم، مرحوم کے احباب اور دانشوروں نے شرکت کی۔اپنے خطبہ صدارت میں عارف محمد خاں صاحب نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم درد مند دل کے مالک تھے اور بلاشبہ وہ اپنی ذات میں خود ایک انجمن تھے،اللہ تعالیٰ نفع پہنچانے والوں کو لمبی زندگی عطا کرتا ہے،مرحوم کے کارنامے ہمیشہ ملک اور ملت کو فیضیاب کرتے رہیں گے۔

سابق مرکزی وزیر جناب سلمان خورشید صاحب نے کہا کہ مرحوم کے اندر انسان کو پہچاننے کی حس کمال درجے کی تھی،وہ ایک ملاقات میں ہی لوگوں کو اپنا گرویدہ بنا لیتے تھے۔سابق کابینی وزیراورراجیہ سبھا کے سابق ڈپٹی اسپیکر جناب کے رحمان خاں صاحب نے مرحوم کے بارے میں اپنے تأثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ڈاکٹرصاحب کو اسی لیے پیدا کیا تھا کہ وہ لوگوں کو کار خیر کے لیے تیار کریں۔

مولانا ابوالکلام آزاد یونیورسٹی کے چانسلر جناب فیروز بخت صاحب نے کہا کہ مرحوم کی فکر سائنٹفک تھی وہ دین اور سائنس کا حسین امتزاج تھے،ان کے اندر تنظیمی صلاحیت کوٹ کوٹ کر بھری تھی۔انھوں نے کہا کے مانو میں ان کے نام سے سینٹر بنایا جائے گا۔

انھوں نے یہ اپیل بھی کی کہ ڈاکٹر صاحب کے نام سے ملک کے مختلف حصوں میں اسکول،کالج اور ہاسپٹل بنائے جانے چاہئے۔ہمدرد یونیورسٹی کے پرو چانسلرڈاکٹر اقبال حسنین نے کہا کہ مرحوم کے کارناموں کے باعث ان کا نام ہمیشہ زندہ رہے گا۔مولانا آزاد یونیورسٹی جودھ پور کے صدر پروفیسر اخترا لواسع صاحب نے کہا کہ موصوف انتہائی مخلص فرد تھے،ریاکاری سے کوسوں دور تھے۔انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے صدر جناب سراج الدین قریشی صاحب نے سینٹر کے لیے مرحوم کی بیش بہا خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آئی سی سی کی جانب سے ان کی زندگی پر کتاب شائع کرنے کا وعدہ کیا۔خواجہ محمد شاہدسابق پرو وائس چانسلر مانوکے نزدیک مرحوم Motivetor یعنی محرک تھے۔جناب ایس ایم خان صاحب سابق میڈیا ایڈوائزر صدرجمہوریہ ہندنے مرحوم کی یاد میں اسلامک کلچر سینٹر کی جانب سے سالانہ ڈاکٹر فخرالدین یادگاری خطبہ کے اہتمام کی تجویز پیش کی۔

کل ہند مجلس مشاورت کے صدر جناب نوید حامد نے کہا کہ مرحوم ادارہ ساز شخصیت کے مالک تھے ان کے اندر مشنری جذبہ تھا۔نیو ہورائزن پبلک اسکول کے منیجر کمال فاروقی صاحب کی نظر میں ڈاکٹر فخرالدین مرحوم کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی فرماتے تھے اور خود پیچھے رہ کر لوگوں کو آگے بڑھاتے تھے۔شاہین گروپ آف انسٹیٹیوشنس بیدرکے بانی وچیرمین ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہا کہ مرحوم دوسروں کے کام کو دیکھ کر بہت خوش ہوتے تھے اور یہ صفت اللہ کے ولیوں میں ہوتی ہے۔ان کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی مرحوم کی اخلاقی صفات کا تذکرہ کیا ان کے مشن کو آگے بڑھانے کا وعدہ کیااور ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔کلیم الحفیظ صاحب نے کہا کہ وہ میرے بڑے بھائی کی طرح  اور سرپرست تھے،میں ان کے بعد خودکو تنہا محسوس کررہا ہوں، انشاء اللہ ہم ان کے نام پر طلبہ کے لیے اسکالرشپ جاری کریں گے۔

اجلاس سے ڈاکٹر سلمان اسعد،ڈاکٹر ریحان سوری،ڈاکٹر محمد الیاس،لیاقت علی،ڈاکٹر وقاص،حافظ مطلوب کریم،سید فاضل حسین پرویز،ڈاکٹر محمد افتخار،سید قیصر محمود،ساجدپیزادہ،سمیر صدیقی،محمد رضا عمر،ناصر خان،یامین قریشی،شبی احمدوغیرہ نے بھی خطاب کیا اور مرحوم کے حق میں مغفرت کی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی،جناب احمد علی برقی اعظمی نے منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔
 

ایک نظر اس پر بھی

مدھیہ پردیش اور مرکز کی بی جے پی حکومت خاتون، نوجوان اور کسان مخالف: جیتو پٹواری

 مدھیہ پردیش میں لوک سبھا انتخابات کی مہم زور پکڑ رہی ہے۔ کانگریس قائدین کی موجودگی میں شہڈول پارلیمانی حلقہ کے امیدوار پھندے لال مارکو اور منڈلا کے امیدوار اومکار سنگھ مرکام نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ اس موقع پر کانگریس لیڈروں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں ...

عدلیہ کی سالمیت کو خطرہ قرار دیتے ہوئے 600 وکلا کا چیف جسٹس آف انڈیا کو مکتوب

عدالتی سالمیت کے خطرے کے حوالے سے ہندوستان بھر کے ۶۰۰؍ وکلاء جن میں ایڈوکیٹ ہریش سالوے اور بار کونسل آف انڈیا کے چیئرمین منن کمار شامل ہیں نے چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچڈ کو مکتوب لکھا ہے۔ وکلاء نے ’’مفاد پرست گروہ‘‘ کی مذمت کی ہے جو عدالتی عمل میں ہیرا پھیری، عدالتی ...

ملک کی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں!

ملک کے خزانے کا حساب و کتاب رکھنے والی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ یہ انکشاف انہوں نے خود ہی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر جے پی نڈا نے مجھ سے لوک سبھا الیکشن لڑنے کے بارے میں پوچھا تھا مگر انہوں نے انکار کر دیا کیونکہ ان کے پاس الیکشن ...

مہوا موئترا نے ای ڈی کے سمن کو کیا نظر انداز، کرشنا نگر میں چلائیں گی انتخابی مہم

 ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) لیڈر مہوا موئترا نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سمن کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کرشنا نگر لوک سبھا حلقہ میں انتخابی مہم چلائیں گی۔ انہیں دہلی میں ای ڈی کے دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔

دہلی میں شدید گرمی، درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچا

 دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا جانے لگا ہے اور مارچ میں ہی گرمی نے اپنا زور دکھانا شروع کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو قومی راجدھانی میں رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچ ...