مبینہ تبدیلی مذہب : یوپی اے ٹی ایس نے مولانا کلیم صدیقی کے مزید تین ساتھیوں کو کیا گرفتار

Source: S.O. News Service | Published on 26th September 2021, 11:24 PM | ملکی خبریں |

لکھنؤ،26؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) اترپردیش کے ضلع میرٹھ سے مبینہ تبدیلی مذہب کے الزام میں گرفتار کئے گئے معروف اسلامی اسکالر مولانا کلیم صدیقی کے بعد اے ٹی ایس نے آج ان کے دیگر تین ساتھیوں کو مظفر نگر سے گرفتار کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ تفتیش میں کھاتوں سے 20 کروڑ روپئے کی لین کی جانکاری ملی ہے۔

اے ٹی ایس کے مطابق مولانا سے پوچھ گچھ کے بعد جن تین ساتھیوں کا سراغ لگا اور اے ٹی ایس نے انہیں گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے ان میں مظفر نگر کے فلت کے رہنے والے مولانا محمد ادریس قریشی، محمد سلیم اور عاطف عرف کنا اشوک چودھری شامل ہیں۔ اے ڈی جی نظم ونسق پرشانت کمار نے بتایا کہ 10 دنوں کی ریمانڈ پر لئے گئے مولانا کلیم صدیق سے پوچھ گچھ کے بعد ان لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ اے ٹی ایس کے دعوی کے مطابق اس نے مولانا کلیم کے تین ساتھیوں کو مولانا سے پوچھ گچھ کے بعد ملے سراغ کے ذریعہ گرفتار کیا ہے جبکہ مولانا کلیم کے اہل خانہ اور ان کے وکیل کے مطابق اے ٹی ایس نے جس رات مولانا کلیم کو گرفتار کیا تھا اسی وقت مولانا ادریس اور کنال چودھری عرف عاطف کے ساتھ دیگر دو طلبہ کو بھی گرفتار کیا تھا۔ اے ٹی ایس نے اسی دن رات تک دونوں طلبہ کو چھوڑ دیا تھا لیکن ادریس اور عاطف کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا تھا اور اب آج ان کی گرفتاری دکھائی گئی ہے۔

اے ٹی ایس کے دعوی کے مطابق مولانا سے پوچھ گچھ کے دوران کئی اہم جانکاریاں سامنے آئی ہیں اس میں کلیم کے ادارے جمیعتہ امام ولی اللہ الاسلامیہ ٹرسٹ سے وابستہ کھاتوں میں 20 کروڑ روپئے آنے کی بات بھی شامل ہے۔ جس میں سے بڑی رقم مولانا کلیم نے اپنے ساتھ تبلیغ اسلام کرنے والوں کو بھیجی ہے۔ جو پیسے ٹرسٹ کے کھاتوں میں آئے ہیں مولانا کلیم ان کے ذرائع نہیں بتا سکے ہیں۔

اے ٹی ایس کے دعوی کے مطابق مولانا کلیم نے اپنے اقبالیہ بیان میں کہا ہے کہ وہ امت کو بڑھانے کی ذمہ داری کو اپنا فرض سمجھتے ہیں اور تبدیلی مذہب کے بعد بیرون ممالک بیٹھے اپنے معاونین کو اس بارے مطلع کرتے ہیں جہاں سے ان کو بدلے میں موٹی رقم ملتی ہے۔

اے ٹی ایس نے جن تین افرا دکو گرفتار کیا ہے ان کے بارے میں اپنی پریس ریلیز میں لکھا ہے کہ مولانا کلیم جہاں بھی تبدیلی مذہب کے لئے جاتے ہیں ان کے ساتھ حافظ ادریس اور محمدسلیم اور کنال اشوک چودھری عرف عاطف ساتھ ساتھ ہوتے ہیں۔ سلیم 17، ادریس 20 سالوں سے مولانا کے ساتھ ہیں۔ یہ دونوں لوگوں سے رابطہ کر کے انہیں اسلام میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔

میڈیا کو جاری پریس ریلیز کے مطابق کنال اشوک چودھری عرف عاطف نے اے ٹی ایس کو بتایا کہ اس نے روس میں رہ کر میڈیکل کی پڑھائی کے دوران اسلام کو قبول کیا ہے۔ وہ ہندوستان میں پریکٹس کے لئے ایم سی آئی امتحان پاس کرنا ضروری تھا جو پاس نہیں کرسکا اس کے باجود وہ ناسک میں کلینک چلاتا تھا۔ گزشتہ دوسالو ں سے وہ مولانا کلیم صدیقی کے ساتھ رہتے تھے اور میڈیکل پریکٹس کے دوران مریضوں کو قبول اسلام کی دعوت دیتا تھا۔

اے ٹی ایس کے افسران نے دعوی کیا ہے کہ تبدیلی مذہب کے لئے ہوئی فنڈنگ سے مولانا ادریس نے مظفر نگر کے رہائشی علاقے میں 60 لاکھ روپئے کا مکان بنوایا ہے۔ یہ مکان گزشتہ تینوں مہینوں کے اندر بن کر تیار ہوا ہے۔ اس کے علاوہ اس نے ڈھائی لاکھ روپئے کی موٹر سائیکل خریدی ہے ان املاک کے لئے ان کے پاس پیسے کہاں سے آئے اس کا ادریس ابھی جواب نہیں دے سکا ہے۔

الزام ہے کہ کلیم صدیق ایک جانب جہاں سماجی ہم آہنگی کے پروگرام کی آڑ میں طرح طرح کے لالچ دے کر مبینہ تبدیلی مذہب کا سنڈیکیٹ چلاتے تھے وہیں دوسری طرف اس سنڈیکیٹ کے ذریعہ کرائے گئے تبدیلی مذہب کے عوض میں بیرون ممالک سے موٹی رقم حاصل کی جاتی تھی اور اس رقم کا استعمال ذاتی زندگی اور غیر قانونی املاک کو حاصل کرنے میں کیا جاتا تھا۔

خیال رہے  کہ مبینہ تبدیلی مذہب کے معاملے میں اے ٹی ایس نے ابھی تک 14 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اے ٹی ایس نے اس سے قبل 21 جون کو مولانا عمر گوتم اور جہانگیر عالم کو گرفتار کر کے دعوی کیا تھا کہ یہ لوگ بڑے پیمانے پر جبری تبدیلی مذہب کا کام کر رہے تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

مدھیہ پردیش اور مرکز کی بی جے پی حکومت خاتون، نوجوان اور کسان مخالف: جیتو پٹواری

 مدھیہ پردیش میں لوک سبھا انتخابات کی مہم زور پکڑ رہی ہے۔ کانگریس قائدین کی موجودگی میں شہڈول پارلیمانی حلقہ کے امیدوار پھندے لال مارکو اور منڈلا کے امیدوار اومکار سنگھ مرکام نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ اس موقع پر کانگریس لیڈروں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں ...

عدلیہ کی سالمیت کو خطرہ قرار دیتے ہوئے 600 وکلا کا چیف جسٹس آف انڈیا کو مکتوب

عدالتی سالمیت کے خطرے کے حوالے سے ہندوستان بھر کے ۶۰۰؍ وکلاء جن میں ایڈوکیٹ ہریش سالوے اور بار کونسل آف انڈیا کے چیئرمین منن کمار شامل ہیں نے چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچڈ کو مکتوب لکھا ہے۔ وکلاء نے ’’مفاد پرست گروہ‘‘ کی مذمت کی ہے جو عدالتی عمل میں ہیرا پھیری، عدالتی ...

ملک کی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں!

ملک کے خزانے کا حساب و کتاب رکھنے والی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ یہ انکشاف انہوں نے خود ہی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر جے پی نڈا نے مجھ سے لوک سبھا الیکشن لڑنے کے بارے میں پوچھا تھا مگر انہوں نے انکار کر دیا کیونکہ ان کے پاس الیکشن ...

مہوا موئترا نے ای ڈی کے سمن کو کیا نظر انداز، کرشنا نگر میں چلائیں گی انتخابی مہم

 ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) لیڈر مہوا موئترا نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سمن کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کرشنا نگر لوک سبھا حلقہ میں انتخابی مہم چلائیں گی۔ انہیں دہلی میں ای ڈی کے دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔

دہلی میں شدید گرمی، درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچا

 دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا جانے لگا ہے اور مارچ میں ہی گرمی نے اپنا زور دکھانا شروع کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو قومی راجدھانی میں رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچ ...