اڈپی : ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر ورنیکر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
اڈپی 16؍مارچ (ایس او نیوز) ضلع اڈپی کے ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر(آر ٹی او) آر ایم ورنیکر کو اینٹی کرپشن بیوریو کے افسران نے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بنگلورو کی اے سی بی ٹیم نے آر ٹی او کے دفتر پر اس وقت چھاپہ مارا جب ویگنیش نامی ایک شخص سے رشوت کی رقم وصول کی جارہی تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ پچھلے دنوں جب بنگلورو میں ایئر شو کے دوران آگ بھڑکنے سے پارکنگ ایریا میں جو بہت ساری کاریں جل کر تباہ ہوگئی تھیں ان میں ویگنیش کی کار بھی شامل تھی۔ ویگنیش نے اڈپی آ ر ٹی او سے اپنی گاڑی کے دستاویزات کی نقل طلب کی تھی۔ اور آر ٹی او ورنیکرنے کاغذات کی نقل فراہم کرنے کے لئے 10ہزار روپے بطور رشوت طلب کیے تھے۔ کار مالک کی طرف سے شکایت موصول ہونے پر بنگلورو اے سی بی نے جال بچھایا اور آر ٹی او کو رنگے ہاتھوں رشوت قبول کرنے کے دوران گرفتارکرلیا ۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔