بنگلور8/مئی (ایس او نیوز) کرناٹک میں آج جمعہ کو ایک ہی دن سب سے زیادہ یعنی 45 کورونا کے مریض پائے گئے ہیں جس کے ساتھ ہی ریاست کرناٹک میں کورونا پوزیٹو کے معاملات بڑھ کر 750 ہوگئے ہیں۔ کورونا مریضوں کی یہ رپورٹ جمعہ کو صبح کی بُلٹین میں پیش کی گئی ہے، خدشہ ہے کہ شام کو ملنے والی بلٹین میں اس میں اضافہ بھی ممکن ہے۔
بلٹین میں دی گئی اطلاع کے مطابق کرناٹک کے ضلع دانگیرہ میں کورونا سے متاثرہ سب سے زیادہ معاملات پیش آئے ہیں جس کے بعد دوسرے نمبرپر ضلع اُترکنڑا (بھٹکل) ہے۔ ان اضلاع میں بالترتیب 14 اور 12 کورونا پوزیٹو معاملات ہیں ، بیلگام میں 11، بنگلور میں 7 اور بلاری میں ایک کیس ہے۔ رپورٹ دیکھنے سے پتہ چلا ہے کہ جملہ 45 معاملات میں 24 خواتین ہیں جبکہ سب سے کم عمر مریض میں بھٹکل کی پانچ ماہ کی ایک بچی ہے اسی طرح ریاست کے ان مریضوں میں سب سے زائد عمر کا مریض بھی بھٹکل کا ہے جس کی عمر 83 سال ہے۔
رپورٹ کے مطابق آج جمعہ کو جو 45 کورونا پوزیٹو رپورٹ موصول ہوئی ہے، اُس میں 41 معاملات کورونا پوزیٹو مریضوں کے ساتھ رابطہ ہونے کی بنیاد پر سامنے آئے ہیں، جبکہ دیگر چار تازہ معاملوں کے تعلق سے تفصیلات جٹائی جارہی ہے کہ اُن پر کورونا کا اثر کیسے ہوا ہے۔
یاد رہے کہ اب تک کرناٹک کے مختلف حصوں سے ایک طرف کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 750 ہوگئی ہے تو ان میں 371 شفاء یاب ہوکر اسپتالوں سے ڈسچارج بھی ہوچکے ہیں۔ جبکہ 30 مریض اس مرض میں فوت ہوئے ہیں۔