کیا کرناٹک کے وزیراعلیٰ یڈی یورپا کے خلاف بغاوت کے پیچھے ایک مرکزی وزیر کا ہاتھ ہے؟ کیا ریاست کی کمان کسی اور کو سونپنے کے لئے ہورہی ہیں کوششیں ؟

Source: S.O. News Service | Published on 1st June 2020, 12:51 PM | ریاستی خبریں |

بنگلورو، یکم جون (ایس او نیوز) کرناٹک بی جے پی میں وزیر اعلیٰ یڈی یورپا کے خلاف 27 اراکین اسمبلی کی طرف سے شروع کی گئی بغاوت کو ایک مرکزی وزیر کی طرف سے ہوا دیئے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ شمالی کرناٹک سے تعلق رکھنے والے اس مرکزی وزیر کی طرف سے وزیر اعلیٰ یڈی یورپا کی جگہ ان ہی کی لنگایت طبقے سے وابستہ کسی سینئر وزیر کو ریاست کی کمان سونپنے کیلئے بی جے پی اعلیٰ کمان پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ یہ کہاجارہا ہے کہ یڈی یورپا کی جگہ کسی اور طبقے کے رہنما کو اگر وزیر اعلیٰ بنانے کی کوشش کی گئی تو اس سے پارٹی کو لنگایت طبقے کا عتاب جھیلنا پڑسکتا ہے، مذکورہ مرکزی وزیر اس کوشش میں ہیں کہ یڈی یورپا کے طبقے سے ہی وابستہ سینئر وزیر کو جن میں سابق وزیر اعلیٰ جگدیش شٹر کا نام بھی شامل ہے، ریاست کی کمان سونپی جانی چاہئے۔

مرکزی وزیر اس معاملے میں اس لئے سامنے آنا نہیں چاہتے کہ یڈی یورپا کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی بدنامی وہ اپنے سر نہیں لینا چاہتے، اسی لئے انہوں نے ایسے اراکین اسمبلی کا انتخاب کیا ہے، جو وزارت نہ ملنے کے سبب پہلے ہی یڈی یورپا سے نا خوش ہیں۔ ان اراکین اسمبلی میں اکثریت لنگایت طبقے سے ہی ہے۔ یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس وزیر کے ذریعہ 27 برگشتہ اراکین اسمبلی نے یڈی یورپا کے خلاف بی جے پی اعلیٰ کمان سے شکایت کی تیاری کرلی تھی ۔ لیکن اس وزیر نے اس اراکین اسمبلی کی در پردہ حمایت کا وعدہ کیا لیکن عوام کے سامنے یہ ظاہر نہ کرنے کی شرط رکھی کہ اس سارے سیاسی ڈرامے سے ان کو نہ جوڑا جائے۔

کہا جاتا ہے کہ اپنے کسی معتمد کو وزیر اعلیٰ بنا کر یہ وزیر کرناٹک کی  انتظامیہ پر اپنی گرفت مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ کیونکہ یڈی یورپا ریاست کے سب سے سینئر بی جے پی لیڈر ہیں۔ ان کی موجودگی میں ریاست کی  انتظامیہ میں مداخلت کرنے کی جرأت کوئی مرکزی وزیر نہیں کرسکے گا۔ اسی لئے یہ کوشش ہورہی ہے کہ اس سے پہلے بھی وزیر اعلیٰ بننے کے بعد بی جے پی کے مرکزی قائدین کو ریاست کے انتظامیہ میں راست مداخلت کا موقع فراہم کرانے والے جگدیش شٹر کو ہی دوبارہ وزیر اعلیٰ بنایا جائے۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ یڈی یورپا کو ہٹانے کیلئے یہ مہم نئی نہیں ہے بلکہ 3 ماہ پہلے ہی شروع ہوچکی تھی۔ لیکن کورونا وائرس بحران کے سبب خاموشی اختیار کر لی گئی ۔ اب جبکہ لاک ڈاؤن میں نرمی آچکی ہے، اسی لئے بی جے پی میں بغاوت بھی شدت اختیار کررہی ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔