یوٹی قادر وزارت سے استعفیٰ دینے تیار
بنگلورو،29/مئی(ایس او نیوز) ریاست کے وزیر برائے مکانات منگلورو سے تعلق رکھنے والے وزیر یو ٹی قادر نے کہا کہ ہے کہ ریاست کی حکومت کو بچانے کے لئے اگر ان سے کہا جائے گا کہ وہ کابینہ سے استعفیٰ دے کر دیگر ناراض اراکین کو وزیر بننے کا موقع فراہم کریں تو وہ استعفیٰ دینے تیار ہیں۔ یوٹی قادر نے شہر میں ایک تعلیمی ادارے کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے میڈیا میں یہ خبر دیکھی ہے کہ کانگریس قائدین نے ان سے کہا ہے کہ وہ کابینہ سے استعفیٰ دیں اور دوسروں کو وزیر بننے کا موقع دیں، مگر انہیں پارٹی قائدین کی طرف ایسا کوئی پیغام نہیں ملا ہے۔ اگر پارٹی کے قائدین ان سے ایسی کوئی درخواست کریں گے تو ریاست میں پارٹی اور حکومت بچانے کے لیے وہ استعفیٰ دینے کے لیے تیار ہیں۔ ساتھ ہی یوٹی قادر نے کہا کہ اب دوسری مرتبہ پارلیمانی انتخابات میں کامیابی کے بعد وزاعظم مودی مسلمانوں کو لبھانے والی باتیں کرنے لگے ہیں۔ لیکن انہوں نے گزشتہ 5برسوں کے دوران جتنے بھی وعدے ملک کے عوام سے کیے تھے، ان میں سے کوئی بھی وعدہ انہوں نے پورا کیا ہے تو وہ ملک کو بتائیں۔ مودی نے 5برسوں تک صرف تقاریر میں ہی وعدے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں جمہوری حکومت ہے کہ ملک کے اقتدار پر امبیڈکر کے بنائے ہوئے دستور کے تحت ہمیں جو بھی حکومت ملے گی، ہم ایسے دستور ہند کی عزت اور حفاظت کے عہد کے ساتھ کام کرنے والی کس بھی حکومت کی تائید کرنے اور ساتھ دینے تیار ہیں۔