کورونا ویک اینڈ کرفیو کے باوجود کانگریس نے نکالی’میکےداٹو‘ پدیاترا : ہزاروں عوام کی شرکت

Source: S.O. News Service | Published on 9th January 2022, 8:36 PM | ریاستی خبریں |

بینگلور:9؍ جنوری (ایس اؤ نیوز)کاویری ندی پر میکے داتو پروجیکٹ کے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس نے کووڈ پابندیوں کے باوجود اتوار کو اپنی 11 روزہ 'پد یاترا' کی شروعات کردی ہے۔

کانگریس کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار اور ریاستی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سدارامیا کی قیادت میں، 'ہمارا پانی، ہمارا حق' عنوان کے تحت پد یاترا رام نگر ضلع کے کنک پورہ تعلقہ میں کاویری اور ارکاوتی ندیوں کے سنگم سے شروع ہوئی۔ تقریباً 170 کلومیٹر کی پد یاترا 19 جنوری کو بسونگڈی میں اختتام پذیر ہونے سے پہلے 15 اسمبلی حلقوں سے گزرے گی۔

پدیاترا میں ہزاروں کانگریسی کارکنان سمیت ہزاروں عوام نے بھی شرکت کی۔ پدیاترا شروع کرنے سے پہلے ایک اسٹیج پروگرام ترتیب دیا گیا تھا جس کے  بعد صبح 30-11بجے راجیہ سبھا میں حزب مخالف لیڈر ملیکارجن کھرگے نے ’’میکے داتو‘‘ پدیاترا کو ہری جھنڈی دکھائی۔

کانگریس لیڈران نے ایک ایک گروہ کے ساتھ پدیاترا شروع کی تو سدرامیا اور ڈی کےشیوکمار نے الگ الگ ٹیموں کےساتھ پدیاترا کو لے کر آگے بڑھنا شروع کیا۔ ابتداء میں بڑے تیز قدم اٹھاتےہوئےکانگریس کے کارکنان چلتے رہے اس کے بعد چڑھاؤ والا راستہ ، چلچلاتی دھوپ کی وجہ سے چہرے مانند دیکھے گئے۔ مگر بعد میں ٹھنڈے مشروبات، پانی اور گنے کا جوس پیتےہوئے پدیاترا آگے بڑھتی چلی گئی۔

ہزاروں کی شرکت:خدشہ جتایا گیا تھا کہ کووڈ کرفیو کے چلتے پدیاترا پر ضلع انتظامیہ اور پولس محکمہ روک لگائےگا۔ خبر شائع ہونےتک ایسی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔ کانگریس کی پدیاترا آسانی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ دس ہزار سے زائد لوگ پدیاترا میں شریک ہوئے ہیں ۔ کنک پور۔ میکے داٹو روڈ پر جہاں دیکھووہاں سواریاں بھری نظر آئی۔ ٹرافک جام دیکھا گیا۔ پدیاترا میں شریک ہونےوالوں کو سینی ٹائٹیزر، ماسک اور ٹی شرٹ تقسیم کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ کھانے پینےکے انتظامات کےساتھ ساتھ کووڈ اصولوں کی پاسداری کرنےکا بھی اعلان کیاجارہاتھا۔

ڈی کے شیوکمار کی پوجا:پدیاترا سےپہلے کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار نے کاویری ندی کی پوجا کی۔ کنارے پر پہنچ کر کاویری کی پوجا کرنے کے بعد وہیں منعقدہ ہوم میں شریک ہوئے اس کے بعد ڈائس پروگرام کی شروعات ہوئی۔

فن کاروں کا ساتھ:مختلف جانپد فن کاروں کی ٹیموں نے پدیاترا کا ساتھ دیا۔ ڈھول، نقارے، تنبورے ،نندی پرچم رقص، گڑیا کا ڈانس سمیت مختلف نوعیت کے فن کارشریک رہے۔ فلمی ایکٹرس جئے مالا، مالاشری ، سادھوکوکیلا، گایک پچلی شری نواس وغیرہ ڈائس پر دیکھے گئے۔

صوتی آلودگی پر اعتراض :کووڈ کرفیو کی وجہ سے سنگم شہر کے اطراف میں امتناعی احکامات نافذ کئےگئے تھے۔ اس کے باوجود ہزاروں لوگ سنگم پہنچے۔ لیکن پولس نے کسی طرح کی کوئی کارروائی نہیں کی۔ اسی طرح سنگم علاقہ کاویری جنگلات میں  شامل ہونے کی وجہ سے لووڈاسپیکر وغیرہ کی اجازت نہیں ہے۔ جس پر حساس ماحولیاتی علاقےمیں صوتی اشیاء کے استعمال پر اعتراض جتایاگیا۔ کاویری جنگل میں چند مختلف جنگلی جانوروں کی رہائش گاہ ہے۔ 250سےزائد نسل کے پرندے، مگر مچھ،جنگلی کتے ، مہیشر مچھلی ، ہاتھی، چیتے ، ہرن ، جنگلی بکرے وغیرہ بسیراکرتےہیں۔

کاویری جنگلات کے فوریسٹ افسر گریش نے بتایا کہ پروگرام کے مقام کا معائنہ کیاگیا ہے، کسی قسم کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے۔ فوریسٹ علاقے میں غیر قانونی سرگرمی یا کسی طرح کی کوئی خلاف ورزی ہوتی ہے تو پھر کارروائی کی جائے گی۔

حزب مخالف لیڈر سدرامیا لوٹے : صحت کی خرابی کے چلتے حزب مخالف لیڈر سدرامیا پدیاترا کے درمیان  ہی  آرام کے لئے نکل گئے۔ صبح پدیاترا میں کارکنان کے ساتھ نکلنے کے بعد قریب 7کلومیٹر کی پیدل یاترا کے بعد ہیگنورنامی گاؤں پہنچنے پر انہیں بخار محسوس ہونے لگی تو وہاں سے دوڈاّل ہلی چلے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ شام تک بنگلورو  پہنچ جائیں گے۔

کیا کہتے ہیں وزیراعلیٰ: پدیاترا کی شروعات کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ بسوراج بومائی نے اس یاترا کوسیاسی چال قرار دیا، جبکہ سابق وزیر اعلیٰ جگدیش شیٹر کا کہنا تھا کہ بین ریاستی آبی تنازعات حساس معاملات ہیں اور انہیں 'اسٹریٹ فائٹ' کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا۔ اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے  ہوئے شیٹر نے کہا کہ کانگریس کی طرف سے میکیڈاتو پدایاترا کا بنیادی مقصد پانی کے تنازعہ کو حل کرنا نہیں ہے بلکہ اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔

پدیاترا میں شریک سواریوں کو مفت پٹرول:سنگم کی کانگریس’میکے داٹو‘ پدیاترا میں شریک ہونے والی سواریوں کو مفت پٹرول کا انتظام کیاگیاتھا۔ پٹرول بھرنےکےلئے عوام کاہجوم امڈپڑا تھا۔ گرام پنچایت کی سطح پر پہلے سےہی کوپن تقسیم کئےگئےتھے۔ جو بھی کوپن لےکر آتا انہیں 300سے 500روپئے تک کاپٹرول مفت میں بھرا جارہاتھا۔ کنک پور ۔ سنگم روڈ پرواقع کئی سارےپٹرول بنک گاہکوں کے ہجوم سے بھرے دیکھے گئے۔

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔

لوک سبھا انتخاب 2024: کرناٹک میں کانگریس کو حاصل کرنے کے لیے بہت کچھ ہے

کیا بی جے پی اس مرتبہ اپنی 2019 لوک سبھا انتخاب والی کارکردگی دہرا سکتی ہے؟ لگتا تو نہیں ہے۔ اس کی دو بڑی وجوہات ہیں۔ اول، ریاست میں کانگریس کی حکومت ہے، اور دوئم بی جے پی اندرونی لڑائی سے نبرد آزما ہے۔ اس کے مقابلے میں کانگریس زیادہ متحد اور پرعزم نظر آ رہی ہے اور اسے بھروسہ ہے ...