رجنی کانت کی پارٹی کا اعلان: ہمارے ممبران کسی بھی سیاسی پارٹی میں جانے کے لئے آزاد ہیں
نئی دہلی، 18/جنوری (آئی این اٖیس انڈیا) رجنی کانت کے انتخابی سیاست سے دور رہنے کے فیصلے کے بعد اب ان کی پارٹی رجنی مککل مندرم (آر ایم ایم) نے اپنے ممبروں سے کہا ہے کہ وہ آر ایم ایم چھوڑ سکتے ہیں، اور کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ یہ بیان پیر کو آر ایم ایم کے رہنما وی ایم سدھاکر نے جاری کیا۔ نیز یہ بھی کہا کہ جو لوگ آر ایم ایم سے استعفیٰ دیتے ہیں،انہیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ وہ رجنی کانت کے مداح ہیں۔ اس سے قبل اتوار کے روز آر ایم ایم کے متعدد ضلعی سربراہوں نے ڈی ایم کے میں شمولیت اختیار کی تھی۔گذشتہ ہفتے رجنی کانت نے مداحوں سے درخواست کی تھی کہ وہ انہیں سیاست میں آنے پر مجبور نہ کریں۔
تمل زبان میں جاری اپنے بیان میں انہوں نے لکھا کہ میں نے پہلے ہی وضاحت کردی ہے کہ میں سیاست میں کیوں نہیں آرہا ہوں، براہ کرم مجھے بار بار پریشان نہ کریں اور مجھ سے انتخابی سیاست میں شامل ہونے کے لئے زحمت نہ دیں۔29 دسمبر کو رجنی کانت نے خرابیِ صحت کا حوالہ دیتے ہوئے خود کو انتخابی سیاست سے دور رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے تمل زبان میں لکھا ہوا ایک خط جاری کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ وہ انتخابات میں اترے بغیر عوام کی خدمت کریں گے۔