کاسرگوڈ میں ایک مکان پر چھاپہ، 2.5کروڑ روپے کی صندل کی لکڑیاں ضبط
مینگلور 6؍اکتوبر(ایس او نیوز) ریاست کرناٹک کی سرحد سے لگے ریاست کیرالہ کے کاسرگوڈ ضلع کے مضافات میں واقع ڈپٹی کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی رہائش گاہوں کے قریب ہی ایک مکان پر ڈپٹی کلکٹر ساجیت بابو نے چھاپہ مارا تو وہاں سے 2.5کروڑ روپے مالیت کی ایک کوئنٹل صندل لکڑی بر آمد کئے جانے کی خبرموصول ہوئی ہے، جسے ضبط کرلیا گیا ہے۔
اطلاع کے مطابق ڈپٹی کلکٹر کے ڈرائیور اور گن مین نے رات4.30بجے کے قریب اپنے پڑوس میں واقع مکان کے کمپاؤنڈ سے ٹرک میں کوئی چیز لادنے کی آوازیں سنیں۔جب وہ گھر سے باہر نکلے تو انہوں نے دیکھا کہ صندل کے ٹکڑے ٹرک میں لادے جارہے تھے۔انہوں نے فوری طور پر اس کی اطلاع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ساجیت بابو کو دی، جنہوں نے پولیس کمک کے ساتھ اس مکان پر چھاپہ مارا۔ وہاں پر سیمنٹ لے جانے والا ٹر ک کھڑا تھا اور اس کے اندر خفیہ جگہ بنائی گئی تھی جس میں صندل کی لکڑی سے بھرے پلاسٹک کے تھیلے لوڈ کیے جارہے تھے۔ٹرک پر کرناٹکا کا رجسٹریشن بورڈ لگا ہوا تھا۔ چھاپہ مار ٹیم نے صندل کی لکڑی اور ٹرک کے علاوہ اس کمپاؤنڈ میں موجود تین کاریں ضبط کرلیں۔ معلوم ہوا ہے کہ غیر قانونی طور پر صندل کی لکڑی جمع کرنے کا ملزم اورگھر کا مالک عبدالقادر موقع پر سے فرار ہونے میں کامیا ب ہوگیا ہے۔ اس کے خلاف پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ کاسرگوڈ ضلع کی تاریخ میں صندل کی لکڑی ضبط کرنے کا یہ سب سے بڑا معاملہ ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہے۔