ہندوستان کو سب کے لیے بہتر ریلوے سہولیات چاہیے: راہل گاندھی
نئی دہلی، 30/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دیوالی اور چھٹھ تہوار کے موقع پر تمام ٹرینوں میں زبردست بھیڑ کا سامنا ہے۔ کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر 29 اکتوبر کو ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں مسافروں کی حالت تشویشناک نظر آ رہی تھی۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ تقریباً 15 مسافر ٹرین کے بیت الخلا میں سفر کر رہے ہیں، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دیوالی کے دوران چلنے والی ٹرینوں کی تعداد ناکافی ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا اور عوام سے درخواست کی کہ "ایک بہتر ہندوستان کے لیے اپنی آواز اٹھائیں۔"
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’اس دیوالی پر کروڑوں ہندوستانی اپنے کنبہ سے ملنے ریل سے سفر کریں گے۔ روزانہ کا مسافر ہو یا سیاح، شہری ہو یا دیہی، مزدور ہو یا صنعت کار... ریلوے ہر ہندوستانی کی زندگی کا ایک بڑا حصہ یا بنیاد ہے۔ اگر ہماری ٹرینیں رک جائیں، تو ہندوستان تھم جائے گا۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’ہندوستان کو ایسی بہترین ریل سہولت چاہیے جو سبھی لوگوں کے لیے ہو۔ لیکن آج بالاسور سے باندرا تک ہمارا ریلوے نظام ٹوٹ رہا ہے اور مسافروں کی ضرورتوں کو پورا کرنے میں ناکام ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے ریلوے نظام کو بہتر بنانے کے لیے عوام سے مشورہ دینے کی اپیل بھی کی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’اس وقت جب لوگوں کی بات سنی جانی چاہیے، تب کوئی سننے والا نہیں ہے۔ ایک بہتر ہندوستان بنانے کے لیے میں آپ سبھی سے گزارش کرتا ہوں کہ آپ اپنی آواز اٹھائیں۔ اگر آپ کو ریلوے نظام میں کوئی کمی نظر آتی ہے، یا آپ کے پاس بہتری کے لیے کوئی مشورہ ہے تو برائے کرم اپنے تجربات ہمارے ساتھ شیئر کریں۔‘‘ راہل گاندھی نے اس کے ساتھ ایک لنک بھی دیا ہے جس پر جا کر عوام اپنے مشورے دے سکتے ہیں۔ لنک پر کلک کرنے کے بعد ایک ویب سائٹ اوپن ہوگا جس میں ایک فارم ہے جسے بھر کر کوئی بھی اپنا مشورہ یا تجربہ راہل گاندھی کے ساتھ شیئر کر سکتا ہے۔ یہ مشورہ ہندوستان کی کسی بھی زبان میں دیا جا سکتا ہے۔ راہل گاندھی نے مذکورہ بالا باتیں لکھنے کے بعد اپنے پوسٹ کے آخر میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’آئیے ہم سب مل کر اپنے خوابوں کا ہندوستان بنائیں۔ جئے ہند۔‘‘