سیلاب سے بدحال: راہل گاندھی نے کہا، امدادی کام میں مددکریں کانگریسی کارکنان
نئی دہلی، 16 جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) ملک کے کئی علاقے سیلاب کی زد میں ہیں۔آسام اور بہار کے کئی اضلاع ڈوب گئے ہیں اور 50 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔اس دوران کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اپنے کارکنوں سے امدادی کام میں جٹنے کی اپیل کی ہے۔منگل کو راہل گاندھی نے ٹویٹر پر لکھاکہ آسام، بہار، اتر پردیش، تریپورہ اور میزورم میں سیلاب سے حالات بے قابو ہو گئے ہیں،جس سے زندگی بری طرح متاثر ہو گئی ہے،میں ان تمام ریاستوں کے کانگریسی کارکنان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ عام لوگوں کے امدادی کام میں فوری لگیں۔غور طلب ہے کہ اتر پردیش میں کئی اضلاع میں دریاؤں کی آبی سطح خطرے کے نشان سے اوپر پہنچ گئی ہے۔اس کی وجہ سے صوبے کے کئی علاقے سیلاب کی زد میں آ گئے ہیں،صوبہ میں اہم ندیاں خطرے کے نشان کے اوپر بہہ رہی ہیں۔لکھیم پور کھیری پلیا کلاں سے بہنے والی شارداندی کابی ابال پر ہے۔اس نے خطرے کے نشان کو پار کرتے ہوئے 154.290 میٹر تک پہنچ گئی ہے،یہاں پر کٹان کی وجہ سے کئی گاؤں ڈوب گئے ہیں،لوگ بچنے کے لئے محفوظ مقامات پر جا رہے ہیں۔بہار کے شمالی حصوں کے قریب تمام اضلاع میں شہر سے گاؤں تک سیلاب کا پانی تباہی ڈھا رہا ہے،لوگ اپنے گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر پناہ لئے ہوئے ہیں۔اس دوران دریاؤں کے پانی کی سطح میں اضافہ کے بعد نئے علاقوں میں سیلاب کا پانی داخل ہو رہا ہے۔بہار کے جن علاقوں میں سیلاب کا سب سے زیادہ اثر ہے، ان میں ارریہ، کشن گنج، سپول، دربھنگہ، شیوہر، سیتامڑھی، مشرقی چمپارن، مدھوبنی، مظفر پور ضلع شامل ہیں۔سرکاری رپورٹ کے مطابق ریاست کے 55 ڈویژن کے 352 پنچایت کے 18 لاکھ سے زیادہ لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔