گجرات میں راہل گاندھی کا بیروزگاری پر اور مودی کا گاندھی پریوار پر حملہ

Source: S.O. News Service | Published on 22nd November 2022, 10:13 PM | ملکی خبریں |

سورت، 22؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) وزیراعظم نریندر مودی جو گجرات میں بی جےپی کو لگاتار ۷؍ مرتبہ اسمبلی انتخابات میں فتح سے ہمکنار کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں، نے پیر کو نوساری میں  ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مظلومیت کا کارڈ کھیلا اور گاندھی پریوار کو نشانہ بنایا۔ کانگریس لیڈر مدھوسودن مستری کے اس بیان پر کہ  اس اسمبلی الیکشن میں  بی جےپی کو گجرات کے عوام اس کی اوقات بتادیں گے، وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’’میں تو عوام کا خادم ہوں  میری اوقات ہی کیا ہے۔‘‘ 

سریندر نگر میں بی جےپی کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم  نریندر مودی نے کہا کہ ’’کانگریس والے کہتے ہیں کہ مودی کو اوقات دکھادیں  گے۔ یہ ان کا گھمنڈ ہے بھائیو، گھمنڈ۔‘‘ انہوں نے گاندھی خاندان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرے مائی باپ آپ تو راج پریوار سے ہیں۔ میں  تو ایک عام خاندان کی اولاد ہوں۔ میری کوئی اوقات نہیں ہے۔ اوقات مت دکھاؤ میں تو خادم ہوں، نوکر ہوں، خادم کی کوئی اوقات ہی نہیں ہوتی۔‘‘

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب گجرات میں مودی نے مظلومیت کا کارڈ کھیلا ہے۔ا س سے قبل کئی بار وہ مظلومیت کا کارڈ کھیل کر ووٹ اور فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ ۲۰۰۲ء کے گجرات فسادات کے بعد اسمبلی الیکشن میں سونیا گاندھی نے مودی کو موت کا سوداگر کہہ کر پکارا تھا مگر مودی نے ان کے اس بیان کو اپنے حق میں استعمال کیا۔ اس کا حوالہ خود وزیراعلیٰ  نے بھی اپنی تقریر میں دیا۔ا نہوں نے کہا کہ ’’تم نے مجھے نیچ کہا، نیچ ذات کا کہا، موت کا سوداگر کہا، گندی نالی کا کیڑا کہا۔ تم اب اوقات بتانے کی بات کررہے ہو، ہماری کوئی اوقات نہیں ہے۔ ‘‘ مودی نے مطالبہ کیا کہ ’’مہر بانی کرکے ترقی کے موضوع پر بات کیجئے۔‘‘

راہل گاندھی کی  بھارت جوڑو یاترا کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے  وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’’جو لوگ اقتدار سے بے دخل کئے جاچکے ہیں وہ یاترا کے ذریعہ دوبارہ اقتدار پر قابض ہونا چاہتے ہیں۔‘‘ وزیراعظم نے لگاتار دوسرے دن نرمدا پروجیکٹ کا حوالہ دے کر گجراتی عوام کو کانگریس سے متنفر کرنے کی کوشش کی۔  بھارت جوڑو یاترا میں  میدھا پاٹکر کی شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم  نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی کی یاترا میں وہ لوگ شامل ہیں جو نرمدا باندھ کے خلاف تھے۔  انہوں نے کہا کہ ’’یہ الیکشن نرمدا پروجیکٹ کی مخالفت کرنے والوں کو ہرانے کا الیکشن ہے۔‘‘

بھارت جوڑو یاترا کے۲؍ دن کیلئے موقوف ہونے پر پیر کو وقت نکال کر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی گجرات میں پارٹی کی انتخابی مہم میں شرکت کرنے پہنچے۔ انہوں نے سورت اور راج کوٹ میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے بی جےپی کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ریاست میں  بڑھتی بیروزگاری کے ساتھ ہی انہوں  نے نوجوانوں، کسانوں اور آدیواسیوں  کے مسائل  پر گفتگو کی اور موربی سانحہ پر بی جےپی سرکار کو کٹہرے میں کھڑا کیا۔ راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ موربی سانحہ کے اصل ملزمین کو اب تک گرفتار نہیں کیاگیا کیوں کہ ان کے تار بی جےپی سے جڑے ہوئے ہیں۔ 

گجرات کی انتخابی مہم میں راہل گاندھی کا یہ پہلا خطاب تھا۔خطاب کے دوران ایک مترجم کا انتظام کیا گیاتھا جو راہل گاندھی  کے تقریر کا ترجمہ پیش کر رہا تھاتاہم اس دوران ایک شخص بھیڑ میں سے چیخاکہ آپ ہندی میں بولیں، ہم  ہندی میں سمجھ لیں گے۔اس کے بعد راہل گاندھی نے عوام سے براہ راست ہندی میں خطاب کیا۔ اس دوران ریاست میں بڑھتی بے روزگاری کیلئے  انہوں  نے بی جےپی کی حکمرانی کو ذمہ دار ٹھہرایا اور الزام لگایا کہ وہ چند صنعتکاروں کو نوازنے میں مصروف ہے اور عوام کے حقوق کو پامال کررہی ہے۔  

اپنے خطاب میں گجراتی عوام اور مہاتما گاندھی کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہندوستان کو جوڑنے کا کام ایک گجراتی مہاتما گاندھی نے کیا تھا۔آج   ہم جب کسان سے بات کرتے ہیں تو افسوس ہوتا ہے کہ انھیں فصل کی صحیح قیمت نہیں ملتی، کسانوں کا قرض معاف نہیں ہوتا۔ نوجوانوں کا خواب چکنار ہو رہا ہے۔ ہندوستان کے پہلے اور اصل مالک قبائلی ہیں مگر انہیں  ون واسی کہہ کر ان کے حقوق سے محروم   اورزمین سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’میری دادی  نے مجھے سکھایا کہ ملک کے پہلے مالک قبائلی ہیں۔ بی جے پی نہیں چاہتی کہ قبائلیوں کی ترقی ہو۔ بی جے پی آپ کو قبائلی نہیں بلکہ ’وَن واسی‘ کہہ کر آپ کی شناخت مٹا رہی ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کے دوران کسانوں، نوجوانوں اور قبائلیوں سے مل کر اور ان کے مسائل سن کر ان کے درد کو میں نے محسوس کیا۔ ہم چاہتے ہیں کہ قبائلیوں کی تاریخ اور جینے کا طریقہ محفوظ رہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’وہ (بی جے پی) آپ کو یہ نہیں کہتے کہ آپ ہندوستان کے پہلے مالک ہو، بلکہ وہ یہ کہتے ہیں کہ آپ جنگل میں رہتے ہو، مطلب وہ یہ نہیں چاہتے کہ آپ شہروں میں رہو اور آپ کے بچے انجینئر، ڈاکٹر وغیرہ بنیں۔‘‘ راج کوٹ میں اپنی دوسری ریلی میں  راہل گاندھی نے موربی سانحہ کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ ’’واچ مین کو گرفتار کرلیا گیا ہے مگر اصل ملزمین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ   سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس سانحہ کے اصل ذمہ داروں  کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہوئی۔ 

ایک نظر اس پر بھی

منیش سسودیا کی عدالتی تحویل میں 26 اپریل تک کی توسیع

دہلی کی ایک عدالت نے جمعرات کو شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ میں عآپ کے لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی عدالت تحویل میں 26 اپریل تک توسیع کر دی۔ سسودیا کو عدالتی تحویل ختم ہونے پر راؤز ایوینیو کورٹ میں جج کاویری باویجا کے روبرو پیش کیا ...

وزیراعظم کا مقصد ریزرویشن ختم کرنا ہے: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے یہاں پارٹی کے امیدوار عمران مسعود کے حق میں بدھ کو انتخابی روڈ شوکرتے ہوئے بی جے پی کو جم کر نشانہ بنایا۔ بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے بدھ کو کہا کہ آئین تبدیل کرنے کی بات کرنے والے حقیقت میں ریزرویشن ختم کرنا چاہتے ...

مودی ہمیشہ ای وی ایم کے ذریعہ کامیاب ہوتے ہیں،تلنگانہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا سنسنی خیز تبصرہ

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ  ریونت ریڈی نے سنسنی خیز تبصرہ کرتے ہوئے کہا  ہے کہ ہر مرتبہ مودی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں( ای وی ایمس )کے ذریعہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہیں اور جب تک ای وی ایم کےذریعے انتخابات  کا سلسلہ بند نہیں کیا جائے گا،  بی جے پی نہیں ہار سکتی۔

لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلہ کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری

الیکشن کمیشن نے لوک سبھا انتخابات 2024 کے چوتھے مرحلہ کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ کمیشن کے مطابق انتخابات کے چوتھے مرحلہ میں 10 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 96 پارلیمانی سیٹوں پر انتخابات ہوں گے۔ اس مرحلہ کی تمام 96 سیٹوں پر 13 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔ نوٹیفکیشن جاری ...

ملک کے مختلف حصوں میں جھلسا دینے والی گرمی، گزشتہ برس کے مقابلے اس سال گرمی زیادہ

   ملک کے مختلف حصوں میں گرمی کی شدت میں روزبروزاضافہ ہوتاجارہا ہے۔ بدھ کوملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی رہی ۔ اس دوران قومی محکمہ موسمیات کا کہنا  تھا کہ ملک کے کچھ حصوںمیں ایک ہفتے تک گرم لہریں چلیں گی ۔  بدھ کو د ن بھر ملک کی مختلف ریاستوں میں شدید گرم  لہر چلتی رہی  جبکہ ...